آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے تک کمی کا امکان

پیر 15 دسمبر 2014 07:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث یکم جنوری سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 8 روپے تک کمی کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے دوران بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے جب کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہوکر 57.81 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو یکم جنوری سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خوا کمی ہوگی، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثرات 25 دسمبر سے شروع ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں مسلسل کمی کے باعث موجودہ قیمت گزشتہ 5 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جس کے باعث حکومت کی جانب سے بھی گزشتہ 2 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 2008 کی سطح پر پہنچ گئی ۔