کراچی میں داؤد ابراہیم کو قتل کرنے کا بھارتی کمانڈوز کا آپریشن ناکام،بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے اسرائیلی موساد کے تعاون سے داؤد ابراہیم کو قتل کرنے کا ”سپر بوائز“ کے نام سے آپریشن کا منصوبہ 2013ء میں بنایا‘ آپریشن آخری وقت میں ناکام ہوگیا‘ بھارتی ٹی وی کا رپورٹ میں دعویٰ

اتوار 14 دسمبر 2014 09:13

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء) ممبئی بم دھماکوں کے مبینہ ملزم داؤد ابراہیم کو ایک سال قبل کراچی میں قتل کرنے کا بھارتی کمانڈوز کا آپریشن ناکام ہوگیا۔ اس بات کا انکشاف ایک بھارتی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔ بھارتی ٹی وی سی این این آئی بی این کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ بھارتی کمانڈوز کی ایک ٹیم داؤد ابراہیم کو قتل کرنے کیلئے پاکستان میں داخل ہوئی اور انہیں مارنے کیلئے بڑے پیمانے پر ایک خفیہ منصوبہ تشکیل دیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ادارے دو دہائیاں قبل داؤد ابراہیم کے پاکستان فرار ہونے کے بعد سے اس کی تلاش اور گرفتاری کیلئے کوشاں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسی سلسلے میں 2013ء میں داؤد ابراہیم کو قتل کرنے کیلئے ایک آپریشن کی منصوبہ بندی کی گئی اور خفیہ ادارے ”را“ نے اس آپریشن کیلئے 9 ایجنٹوں کا انتخاب کیا اور انہیں سوڈان‘ بنگلہ دیش اور نیپال کے پاسپورٹ دئیے گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اس ٹیم کا نام ”سپر بوائز“ رکھا گیا۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ آپریشن میں ”را“ نے اسرائیلی خفیہ ادارے ”موساد“ کی بھی فعال معاونت حاصل کی اور آپریشن کیلئے 13 ستمبر کی تاریخ رکھی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ داؤد کئی سالوں سے کراچی میں رہ رہا ہے اور وہ ہر روز کلفٹن روڈ والے گھر سے ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کا سفر کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ”سپر بوائز“ ٹیم کیلئے اسے نشانہ بنانے کا یہ بہترین موقع تھا۔ ٹیم نے داؤد ابراہیم پر حملے کیلئے راستے میں پڑنے والی ایک درگاہ کا انتخاب کیا اور 13 ستمبر 2013ء کو 9 کمانڈوز نے مذکورہ روڈ کا گھیراؤ کیا اور ان کمانڈوز کو داؤد کی کار بارے مکمل تفصیلات کا بھی علم تھا تاہم آخری منٹوں میں داؤد ابراہیم کو مارنے کا منصوبہ ختم کردیا گیا اور اس طرح یہ منصوبہ ناکام ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :