دھرنے اور کنٹینرز والے صرف جھوٹی تقریریں،الزام تراشیاں اور بدزبانی کرسکتے ہیں، چوہدری نثار،عوام کی خدمت انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) ہی کرے گی، پی ٹی آئی میں اہلیت ہوتی تو اپنے بلند باغ دعوؤں کا دس فیصد عکس ہی کے پی کے میں دکھا چکے ہوتے،ان کے پاس الف لیلی کی کہانیاں سنانے کے علاوہ اور کوئی اہلیت نہیں، عوامی اجتماعات سے خطاب

اتوار 14 دسمبر 2014 09:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ دھرنے اور کنٹینرز والے صرف جھوٹی تقریریں،الزام تراشیاں اور بدزبانی کرسکتے ہیں،عوام کی خدمت انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) ہی کرے گی،اگر پی ٹی آئی میں اہلیت ہوتی تو اپنے بلند باغ دعوؤں کا دس فیصد عکس ہی کے پی کے میں دکھا چکے ہوتے،ان کے پاس الف لیلی کی کہانیاں سنانے کے علاوہ اور کوئی اہلیت نہیں،ہاں البتہ سیاست میں انہوں نے بدتمیزی،بدزبانی اور گالم گلوچ کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور قوم کو ایک سراب کے پیچھے لگانے کی کوشش کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقے NA52/53میں واقع موضع دھمیال،بگڑ مجاہد،جوڑیاں/ادھوال اور پاپین میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے عوامی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں میں دھمیال بوائز وگرلز کالج،مجاہد ڈیم اور جوڑیاں/چکری اور ملحقہ علاقوں کیلئے تین نئی سڑکوں کی تعمیر شامل ہے،ان منصوبوں کی مجموعی لاگت2ارب سے زائد ہے۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں متعدد بار تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی اور کئی سال بعدبجلی کی قیمتوں میں کمی سے یہ بات عیاں ہوجانی چاہئے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت مشکل معاشی اور اقتصادی حالات کے باوجود عوام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔پچھلے چند ماہ میں یہ واضح ہوتا جارہا ہے کہ دھرنے والوں کی منفی سیاست کے مقاصد کیا ہیں اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت کہاں کھڑی ہے،وہ پورے ملک کو توڑ پھوڑ اور ہنگامی سیاست سے بند کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے تمام راستے بند ہو جائیں۔

جب کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ترقی اور خوشحالی کے راستوں کو کھولنا چاہتی ہے تاکہ پاکستان ایک مضبوط اور حوشحال ملک بن سکے،میں یقین سے کہتا ہوں کہ انشاء اللہ،پاکستان کو بند کرانے والوں کو اپنے مذموم ارادوں میں ناکامی ہوگی اور کامیابی انہی کی ہوگی جو دن رات اس کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں