حکومت مذاکرات کے دوران اپنے وزراء کی بیان بازی پر پابند ی لگائے،سراج الحق ،اگر ہرکوئی اپنی مرضی سے بولتا رہا تو مذاکرات کی ناکامی کاخطرہ سر پر منڈلاتار ہے گا، امیر جماعت اسلامی پاکستان

اتوار 14 دسمبر 2014 09:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے دوران اپنے وزراء کی بیان بازی پر پابند ی لگائے ،اگر ہرکوئی اپنی مرضی سے بولتا رہا تو مذاکرات کی ناکامی کاخطرہ سر پر منڈلاتار ہے گا ۔مخالفانہ بیان بازی سے کام بنتے بنتے بگڑ جاتے ہیں ،بہتری اسی میں ہے کہ زہرآلود لہجوں کی بجائے شیریں زبان اختیار کی جائے۔

تمام مسائل کا حل اسلامی جمہوری اور فلاحی پاکستان میں ہے۔کرپشن زدہ نظام مسائل حل نہیں کرسکتا،مجبور و محروم لوگ متحد ہوکر کرپٹ اشرافیہ کی جوائنٹ فیملی کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ جماعت اسلامی ملک میں ابلیسی سیاست کو مزید پنپنے کا موقع نہیں دے گی ،چند سو لوگوں نے پارلیمنٹ اور بیوروکریسی پر قبضہ کر رکھاہے اسلامی نظام کی دشمن قوتیں صرف اپنے” سٹیٹس کو “ کو بچانے کے لیے اسلام کی مخالفت کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

،جولوگ اسلامی نظام کی مخالفت کررہے ہیں وہ آئین پاکستان سے بغاوت کررہے ہیں ہماراعزم ہے کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کریں گے۔ جس سکول میں وزیر اعظم کا بیٹا پڑھے گا اسی میں مزدور اور ہاری کا بیٹا بھی پڑھے گا ۔ یکساں نظام تعلیم ہوگا تو پتہ چلے گا کہ زیادہ صلاحیتوں کا مالک کون ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل منصورہ سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمر باغ کے ڈگری کالج میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر انتظام منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارے پیارے پھول جیسے بچوں کے لیے سکولوں میں ٹاٹ اور چٹایاں ہیں اورنہ استاد جبکہ اشرافیہ اور اعلیٰ طبقے کے لئے Aلیول oلیول آکسفور ڈ اور کیمبرج کا نظام ہے ۔ غریب کا بچہ کسی اچھے سکول یا کالج میں پڑھنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومت قائم ہوگی توہمار ا عزم ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی نظام تعلیم ہوگا ،تعلیم پاکستانی زبان میں دی جائے گی اور شہروں اور دیہات میں یکساں تعلیمی سہولتوں کو یقینی بنائیں گے ،انہوں نے کہا کہ جب تک تعلیمی نظام میں بہتری نہیں آتی معاشرے سے ظلم و جبر کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ۔

سراج الحق نے کہا کہ اسلامی حکومت کے قیام کے بعدملک بھر کے ہسپتالوں میں دل ،گردوں ،جگرکینسر،شوگرجیسی پانچ خطرناک بیماریوں کا علاج فری ہوگا ،انہوں نے کہا کہ ان بیماریوں میں مبتلا غریب اپنا علاج کروانے کی بجائے موت کا انتظار کرتے ہیں ،سراج الحق نے کہا کہ اسلامی پاکستان میں حکومت کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ تمام نوجوانوں کو روز گارمہیا کرے اور جب تک حکومت روز گارنہیں دے سکے گی اس وقت تک بے روز گاری الاؤنس دیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ حکومت تیس ہزار سے کم آمدنی والے لوگوں کو پانچ بنیادی ضروریات زندگی آٹا چاول ،چینی ،چائے اوردالوں کی قیمتوں میں سبسڈی دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی پاکستان میں عام آدمی کو سستا انصاف مہیا کیا جائے گا اورجس شخص کے پاس کیس لڑے کیلئے فیس نہیں ہوگی ،ان کا کیس سرکاری وکیل لڑیں گے ۔سراج الحق نے کہا کہ اسلامی پاکستان کا مکمل روڈ میپ کا اعلان میں25دسمبر کو کراچی میں مزار قائد پرکرونگا۔