حکومت سنجیدہ ہوتو آئندہ 48گھنٹوں کے دوران معاملات طے پا سکتے ہیں ، عمران خان ،میاں صاحب پر واضح کردینا چاہتا ہوں اب آپ کے لئے حکومت چلانا مشکل ہوجائے گا ،15 دسمبر کو زندہ دلان لاہور سڑکوں پر نکلیں گے ، راستے بند کریں گے اور احتجاج کریں گے ، آپ اپنے گلووں کو مقابلے میں لانے کی کوشش نہ کریں ورنہ حالات کی ذمہ داری آپ پر ہوگی، لاہور میں پارٹی کی ضلعی تنظیم کے اجلاس سے خطاب

اتوار 14 دسمبر 2014 09:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سنجیدہ ہوتو آئندہ 48گھنٹوں کے دوران معاملات طے پا سکتے ہیں ،میاں صاحب پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اب آپ کے لئے حکومت چلانا مشکل ہوجائے گا ،15 دسمبر کو زندہ دلان لاہور سڑکوں پر نکلیں گے ، راستے بند کریں گے اور احتجاج کریں گے ، آپ اپنے گلووں کو مقابلے میں لانے کی کوشش نہ کریں ورنہ حالات کی ذمہ داری آپ پر ہوگی - ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے دورہ لاہور میں پارٹی کی ضلعی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے کراچی میں پرامن احتجاج کرکے ثابت کیاہے کہ جہلم ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ہمارے نہتے کارکنوں پر جو ظلم پنجاب حکومت نے کیا اس کے ذمہ داران شریف برادران ہیں ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ اگر لاہور کے تاجر اور دکاندار موجودہ حالات سے مطمئن ہیں تو وہ 15 دسمبر کو اپنا کاروبار کھلا رکھیں ہم ان کا کاروبار زبردستی بند نہیں کرائیں گے اور جو سمجھتے ہیں کہ ملک قبضہ گروپ کے ہاتھ میں ہے جو باریاں لے کر ملک لوٹ رہے ہیں اور دھاندلی کرکے اقتدار میں آتے ہیں تو وہ ہمارا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کبھی بندوق کے بغیر دکانیں بند نہیں کی گئیں لیکن ہمارا پْرامن احتجاج ہوا اور لاہور کا احتجاج بھی پرامن ہوگا۔ فیصل آباد میں راناثناء االلہ کے غنڈوں نے پہلے پتھراوٴ کیا پھر گولیاں چلوائیں تاہم ہم انہیں ہر صورت جیل میں ڈلوا کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لاہور میں بھی نواز شریف نے فیصل آباد کی طرح اپنے گلووٴں کو چھوڑا تو ہمارے نوجوان ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے اور نتائج کی ذمہ داری نواز شریف پر ہوگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم صرف دھاندلی پر انصاف مانگ رہے ہیں لیکن حکومت خوفزدہ ہے، انہیں پتا ہے کہ اگر حلقے کھل گئے تو سب کے پول کھل جائیں گے اور اگر یہ بات ثابت ہوگئی کہ 2 بڑی جماعتوں نے مک مکا کرکے دھاندلی کی تو پھر ان کی باریاں کبھی نہیں آئے گی۔ اگر نواز شریف مذاکرات میں سنجیدہ ہیں تو آگے بڑھیں۔ اگر انہوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو 48 گھنٹوں میں دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق معاملات طے پاسکتے ہیں کیونکہ دونوں کے درمیان زیادہ تر باتوں پر اتفاق ہوچکا ہے۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ انسان اسی وقت اپنی منزل حاصل کرسکتا ہے جب وہ پیچھے کی جانب نہ دیکھے اور مشکلات کے سامنے ہار نہ مانے اور اپنی ناکامیوں کی وجہ جاننے کے لئے صحیح تجزیہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔ وزیراعظم بن جانا کوئی بڑی بات نہیں ہوتی، وطن عزیز میں کئی لوگ اس عہدے پر آئے اور چلے گئے، اصل کام بین الااقوامی معیار کے مطابق تعلیمی اداروں کا قیام ہے۔

- اجلاس کے فورا بعد عمران خان نے پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے ون ٹو ون ملاقات کی اور لاہور کی تاجر برادری ، وکلاء تنظیموں اور دیگر تنظیموں سے 15 دسمبر کے احتجاجی پروگرام کے حوالے سے ہونے والی بات چیت پر تبادلہ خیال کیا- عمران خان نے کہا کہ انہیں لاہور کی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے اور انشاء اللہ اہل لاہور 14 اگست کی طرح15 دسمبر کو بھی یادرگار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے - عمران خان نے اپنے خطاب کا آغاز ہی عبدالعلیم خان آپ کا شکریہ اور لاہور کے پی ٹی آئی کے شاہینوں ، ٹائیگرز اور ٹائیگریسز آپ کا شکریہ، کے الفاظ سے شروع کیا تو کارکنوں نے پرجوش انداز میں تالیاں بجائیں اور نعرے لگائے-انہوں نے پی ٹی آئی ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح پی ٹی آئی لاہور کے لیڈر اور ان کی ٹیم دوبارہ کامیابی حاصل کریں گے اور دھاندلی کرنے والوں اور جھوٹ بولنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا- قبل ازیں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ15دسمبرکو لاہور شہر کو 18 مقامات پر بند کرنے کا بندوبست کرلیا گیا ہے جس کے مطابق این اے 118 کی تنظیم شاہدرہ چوک،119 بھاٹی گیٹ،120 پی ایم جی چوک ،این اے 121 بابو صابو ،این اے 120,122 مال روڈ اور چیئرنگ کراس ،این اے 123 جی ٹی روڈ شالیمار، این اے 124 مغلپورہ،این اے 125 والٹن اور ڈیفنس چوک ،این اے 126 لبرٹی ،این اے 127 اکبر چوک ٹاؤن شپ ، این اے 128 بھٹہ چوک، این اے 129 چونگی امرسدھو، ٹائیگر فورس مال روڈاور یوتھ ونگ بھاٹی چوک ، آئی ایس ایف کے نوجوان مزنگ چونگی اور لائیرز ونگ چوبرجی کو بند کریں گے - عبدالعلیم خان نے کارکنوں کو بتایا کہ لاہور کے اکثر مقامات پر عمران خان خود کارکنوں سے خطاب کریں گے اور کارکن ان کے جانے کے باوجود اپنا مورچہ نہیں چھوڑیں گے - تقریب میں عبدالعلیم خان نے کارکنوں سے پرجوش نعرے لگوائے اور انہیں 15 دسمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی -تقریب میں کارکن پرجوش انداز میں گو نواز گو، کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان ، دیکھو دیکھو کون آیا شیر کا شکاری آیا کے نعرے لگاتے رہے ، پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں اور لیڈیز کارکنوں نے بھی زبردست جوش و خروش کے ساتھ نعرے بازی جاری رکھی ، عمران خان نے اپنے خطاب میں 15 دسمبر کو ایمبولینس گاڑیوں اور میڈیا ٹیم کی حفاظت کے لئے کارکنوں کو خصوصی اپیل کی -انہوں نے کہا کہ ہم زبردستی دکانیں بند نہیں کروائیں گے لیکن کسی کو زبردستی کرنے بھی نہیں دیں گے -انہوں نے فیصل آباد کے حوالے سے رانا ثناء اللہ اور پنجاب حکومت کے کردار پر کڑی تنقید کی - عبدالعلیم خان نے لاہو رکے کارکنوں کو 15 دسمبر بروز سوموار صبح سات بجے سڑکوں پر آجانے اور شام تک لاہور کے راستے بند رکھنے اور احتجاج کو یقینی بنانے کے لئے ہر قومی اسمبلی کے حلقے میں پی ٹی آئی کے امیدوار قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی اور ٹاآؤن صدور سے رابطوں کی ہدایت کی -تقریب کی کمپریےئنگ شعیب صدیقی کرتے ہوے جا رحانہ انداز میں ؛ مک گیا تیرا شو نواز ۔

۔۔گو نوازگو نواز کے نعرے لگواے اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،پارٹی عہدیدراں اورخواتین رہنماوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :