این اے 125 میں دھاندلی سے متعلق نادرا نے رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرادی ، کئی اشخاص نے ڈبل اور کئی نے 6,6 بار ووٹ ڈالے ، جعلی شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالے گئے،رپورٹ ،ہماری باتیں سچ ثابت ہوگئیں، چار میں سے ایک حلقے کی دھاندلی واضح ہوگئی ہے، حامد خان

اتوار 14 دسمبر 2014 08:59

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا ) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں دھاندلی سے متعلق رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرادی ،رپورٹ کے مطابق کئی اشخاص نے ڈبل اور کئی نے 6,6 بار ووٹ ڈالے ، جعلی شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالے گئے ۔ تحریک انصاف کے رہنما حامد خان کا کہنا ہے کہ ہماری باتیں سچ ثابت ہوگئی ہیں اور چار میں سے ایک حلقے کی دھاندلی واضح ہوگئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج رشید محمود نے کی عدالت نے سابقہ پیشی پر سات پولنگ سٹیشنز کے ووٹوں کی تصدیق کرکے نادرا کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھاان 7 میں سے 5 حلقوں کی رپورٹ نادرا نے عدالت میں جمع کرادی ہے نادرا کی رپورٹ میں پولنگ سٹیشن نمبر 5,6,98,107 اور 110 پر دھاندلی کے ثبوت واضح کردیئے گئے ہیں رپورٹ کے مطابق سٹیشن نمبر 6 میں ایک ایک شخص نے چھ چھ بار ووٹ کاسٹ کیا ہے جبکہ پوگنگ سٹیشن نمبر 98 میں12 افراد نے 2,2بار ووٹ کاسٹ کئے 125صفحات پر مشتمل رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چھ پولنگ سٹیشن پر کل 1254 ووٹوں میں سے 280ووٹ جعلی نکلے ہیں جن کے شناختی کارڈ نمبر بھی جعلی ہیں اور انگوٹھوں کی تصدیق بھی نہ ہوسکی ہے ان ووٹوں کی کاؤنٹر فائل بھی موجود نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے والے تحریک انصاف کے رکن حامد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جو باتیں کی تھیں وہ سچ ثابت ہوگئی ہیں اس حلقے میں 12مئی کو سخت گرمی میں لوگوں نے دھرنا دے کر کہا تھا کہ ان کے ووٹ کہاں گئے ہیں دھاندلی سے متعلق یہ تیسری رپورٹ ہے اس سے قبل پہلی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پولنگ بیگز کھلے ہوئے تھے جن پر کوئی سیل نہیں لگی ہوئی جبکہ پولنگ بیگز میں ووٹوں کی جگہ کوڑا پڑا ہوا تھا اب ووٹوں کے جعلی ہونے کی رپورٹ بھی آگئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹربیونل نے سات پولنگ سٹیشنز کے تھیلے کھول کر تصدیق کرنے کا کہا تھا لیکن سات میں سے دو بیگ ابھی تک ملے ہی نہیں ا ور پورا ریکارڈ غائب ہے جبکہ پانچ بیگز کی رپورٹ آئی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جن چار حلقوں کو کھولنے کا کہا تھا ان میں سے پہلے حلقے کی رپورٹ آگئی ہے اور دھاندلی ثابت ہوچکی ہے اور رپورٹ عمران خان کے موقف کو درست ثابت کرتی ہے واضح رہے کہ اس حلقے سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق 123407 ووٹ لے کر منتخب ہوئے تھے اور حامد خان نے نتائج کو چیلنج کیا تھا ۔