چہلم سید الشہدا امام حسین  آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، کربلا میں 2کروڑ سے زائد زائرین جمع ہوگئے، ہزاروں پاکستانی بھی کربلا معلی پہنچ گئے ، وفاقی دارالحکومت میں چہلم کا جلوس م مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا اور مقرر ہ راستوں سے ہوتا ہوا وہیں اختتام پذیر ہوگیا،سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات، ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی بھی کی جاتی جارہی، چودھری نثار کا انتظامات کا جائزہ

ہفتہ 13 دسمبر 2014 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2014ء) چہلم سید الشہدا امام حسین  آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، کربلا میں 2کروڑ سے زائد زائرین جمع ہوگئے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں چہلم کا جلوس م مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا اور مقرر ہ راستوں سے ہوتا ہوا وہیں اختتام پذیر ہوگیا، سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات، ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی بھی کی جاتی جارہی، چودھری نثار کا انتظامات کا جائزہ۔

جمعہ کے روز چہلم سید الشہداء حضرت امام حسین  کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اہل تشیع مکتب فکر کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلوس برآمد ہوا ۔ جلوس صبح 10 بجے مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو اسلام آباد سے مجلس عزا کے بعد برآمد کیاگیا جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ اسلام آباد کی مرکزی ماتمی سنگت سمیت راولپنڈی، چکوال، اٹک ، پنڈی گھیب، تلہ گنگ ، بھکر، پارہ چنار، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں کی ماتمی سنگتوں نے جلوس عزا میں شرکت کی اور پرسا دیا۔

(جاری ہے)

جلوس کے شر کاء نے نماز ظہرین جی سکس ون ٹو اور نماز مغربین سکول سٹاپ پرادا کی ۔دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے تھے اور عزاداروں کو جلوس میں شرکت کیلئے پہلے سیکورٹی جیمرز سے گزار کر اور جامع تلاشی کے بعد جانے دیا جاتا اس سلسلے میں خواتین اور مردوں کیلئے علیحدہ علیحدہ سیکورٹی بوتھ قائم کئے گئے تھے رینجرز اور پولیس کی نفری جلوس کے شروع اور آخر میں تعینات تھی جبکہ کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے اہل تشیع طلباء تنظیموں جعفریہ سٹوڈنٹس، امامیہ سٹوڈٹنس اور مختار سٹوڈنٹس کے سکاؤٹس بھی سیکورٹی فرائض انجام دیتے رہے اور مین جلوس میں شرکت کیلئے دوبارہ چیکنگ کرتے رہے ۔

نیاز و سبیلیں بھی صرف انہیں افراد کو لگانے کی اجازت تھی جن کے پاس باقاعدہ اجازت نامے تھے۔ ادھر جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان فضائی طور پر انتظامات کا جائزہ لیتے رہے جبکہ پولیس کے اعلیٰ افسران سارا دن جلوس کے ہمراہ موجودرہے۔ دوسری جانب دنیا بھر کی طرح پاکستان میں آج 20 صفر المظفر (ہفتہ) حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جائیگا اس سلسلے میں راولپنڈی ، کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کردیئے گئے ہیں۔

کربلا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اب تک 2کروڑ سے زائد زائرین حضرت امام حسین  کے روضہ مبارک پر پہنچ چکے ہیں اور آج اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرینگے نجف اشرف سے 1کروڑ سے زائد زائرین کا قافلہ پیدل 95کلو میٹر کا سفر طے کرکے آج کربلا پہنچے گا جس میں ہزاروں پاکستانی بھی شریک ہیں