جوڈیشل کمیشن کے قیام تک احتجاج اور دھرنے جاری رہیں گے، ہم ایسا نیا پاکستان بنائیں گے جہاں میرٹ اور قانون کی بالا دستی ہوگی،عمران خان، اگر لاھور احتجاج تک کمیشن نہیں بنا تو ملک گیر احتجاج کر کے حکومت پر دباو بڑھائیں گے ،2013کے انتخابات میں جرم کرنے والوں کو پکڑا جائے ،نئے پاکستان میں انتخابی دھاندلی کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی ،پنجاب میں اربوں روپے کے منصوبوں سے لوگ جائیدادیں بنا رہے ہیں ،کراچی کے عوام امیدوں پر پورے اترے جب کہ تبدیلی کے لئے عوام نے رضاکارانہ طور پر شہر بند کیا، 15دسمبرکولاہوربندکرانے آرہاہوں،کراچی والوں کی طرح لاہوربھی میراساتھ دئے گا۔ احتجاجی پروگرام کے سلسلے میں کراچی نرسی کے مقام پر مرکزی دھرنے ،اسلام آباد دھرنے سے خطاب

ہفتہ 13 دسمبر 2014 08:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام تک احتجاج اور دھرنے جاری رہیں گے، ہم ایسا نیا پاکستان بنائیں گے جہاں میرٹ اور قانون کی بالا دستی ہوگی اگر لاھور احتجاج تک کمیشن نہیں بنا تو ملک گیر احتجاج کر کے حکومت پر دباو بڑھائیں گے ،2013کے انتخابات میں جرم کرنے والوں کو پکڑا جائے ،نئے پاکستان میں انتخابی دھاندلی کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی ،پنجاب میں اربوں روپے کے منصوبوں سے لوگ جائیدادیں بنا رہے ہیں ،کراچی کے عوام امیدوں پر پورے اترے جب کہ تبدیلی کے لئے عوام نے رضاکارانہ طور پر شہر بند کیا، 15دسمبرکولاہوربندکرانے آرہاہوں،کراچی والوں کی طرح لاہوربھی میراساتھ دئے گا۔

وہ جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے احتجاجی پروگرام کے سلسلے میں کراچی نرسی کے مقام پر مرکزی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت کا مطالبہ اس لئے کر رہے ہیں کیونکہ جس ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی ہے تو وہاں لوگ میرٹ کے ذریعے اوپر آتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے پاکستان میں حقیقی جمہوریت نظرآرہی ہے جہاں ایسے حکمران ہوں گے جوتھرمیں عوام کوصاف پانی دیں،نئے پاکستان کامطلب ایسے نئے حکمران ہیں جوعوام کوجوابدہ ہوں،نئے پاکستان میں میرٹ اورقانون کی بالادستی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے اور ہم انصاف ملنے تک جمہوری طریقے سے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے، انتخابات میں دھاندلی کے لئے گزشتہ ڈیڑھ سال سے آواز بلند کر رہے ہیں اور اس کے لئے ہم نے ہر قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کیا لیکن جب کہیں سے انصاف نہ ملا تو ہمارے پاس شہروں کو بند کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا، اگر ہم ایسا نہ کرتے تو حکومت پر دباوٴ نہ پڑتا اور ان پر جب تک دباوٴ نہ ڈالا جائے تو یہ لوگ مذاکرات کے لئے تیار ہی نہیں ہوتے تھے، تکلیف کے لئے لوگوں سے معذرت چاہتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات میں ایک جرم ہوا اس کی تحقیقات کر کے مجرموں کو پکڑا جائے، جب تک گزشتہ انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو پکڑا نہیں جائے گا تو اگلے الیکشن صاف اور شفاف ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے، 1970 کے علاوہ تمام انتخابات میں دھاندلی ہوئی لیکن آج تک ایک آدمی بھی دھاندلی کرتے ہوئے پکڑا نہیں گیا، نادرا کے پاس ریکارڈ ہے کہ ایک ایک آدمی نے 50، 50 انگوٹھے لگائے ہیں تو ایسے لوگ مجرم ہیں، انہیں سزا ملنی چاہیئے۔

ہم انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے 4 ماہ سے پر امن احتجاج کر رہے ہیں جو کہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے لئے پرامن راستہ اختیار کرنا میرا جمہوری حق ہے اور اگر کوئی رکاوٹ ڈالی گئی تو پھر اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں حکمرانوں کا احتساب ہوتا ہے اور جمہوریت میں پیسہ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے پاس جانے کے بجائے عوام پر خرچ ہوتا ہے لیکن یہاں جمہوریت کبھی آئی ہی نہیں، سیاست میں چند خاندانوں کا قبضہ ہے، پیسہ عوام پر خرچ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لوگوں نے میٹرو پروجیکٹ پر اربوں روپے کی کرپشن کی اور کراچی میں بن قاسم پر جو پاور پراجیکٹ لگ رہا ہے اس کے لئے بھی ان کا فرنٹ مین سیف الرحمان قطر میں بیٹھا ہے، موٹر وے پر بھی یہ لوگ اربوں روپے بنائیں گے، اتنے بڑے بڑے پراجیکٹ بنا رہے ہیں لیکن اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہیں اور نہ ہی دوائیں دستیاب ہیں، آکسیجن نہ ہونے کے باعث بچے مر رہے ہیں، بے روز گاری بڑھ رہی ہے، اسکولوں کے حالات خستہ ہیں۔

جمہوریت نہ ہونے کی وجہ سے عام آدمی کا کوئی فائدہ نہیں ہے صرف چھوٹے سے طبقے کا فائدہ ہے۔عمر ان خان نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کے لئے جنگ ہے، انہوں نے کہا کہ 15دسمبرکولاہوربندکرانے آرہاہوں،کراچی والوں کی طرح لاہوربھی میراساتھ دئے گا۔ بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آذادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے حکومت نے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن نہ بنایا تو پی ٹی آئی 18 دسمبرکو پورا پاکستا ن بندکردے گی۔

پی ٹی آئی لاہور میں ایک تاریخی احتجاج کرے گی ۔ رانا ثناء اللہ مسلم لیگ نواز اورپنجاب حکومت کے سب سے بڑے گلوہیں ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی نے کراچی میں پرامن احتجاج کیا جس سے کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے گلوؤں نے پی ٹی آئی کے وکروں پر گولیاں چلاکر زخمی کیا اور ایک کارکن کو شہیدکیا ۔ پی ٹی آئی لاہور میں ایک تاریخی احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف اپنااحتجاج ریکارڈ کرائے گی۔

انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے پرامن احتجاج کو تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کی لیکن تو حالات کی ساری ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ عمران خان نے کہا حکومت دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنائے تو پی ٹی آئی اپنے احتجاجی پروگرام کے اعلانا ت واپس لے سکتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنے مطالبات کی منظور ی کے لیے پلان ڈی بھی دے سکتی ہے ۔

پی ٹی آئی عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے سے ایک قد م بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ عمران خان نے کہا کل اتوار کے روز فیصل آباد میں ہونے والی ن لیگ کی جانب سے دہشتگردی کے متعلق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ،شیریں مزاریں اور دیگر راہنما پریس کانفر س میں حکومت کی ہٹ دھرمی اور دہشتگردی کو بے نقاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا پرامن دھرنے دینا اور احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے۔کراچی احتجاج کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے ۔پی ٹی آئی چاہتی تو کراچی میں بھی توڑ پھوڑ کی جاسکتی تھی لیکن پی ٹی آئی کی طرف سے ایساکوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی مک مکاؤ کی سیاست کو ختم کرچکی ہے اب پاکستان میں مک مکاؤ پالیسی نہیں چلے گی