آئندہ 20سا ل میں خود کو پاکستان کا وزیر اعظم دیکھ رہی ہوں،ملالہ یوسفزئی،اپنے وطن کی خدمت کرنااور اسے ترقی کے میدان میں آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتی ہوں ،بے نظیر بھٹو کی شخصیت سے بہت متاثر ہوں ،پا کستان کی تمام سیاسی جماعتیں ملک کی ترقی ،خوشحالی اورتعلیم کیلئے مل کرکام کریں ، تمام بچے تعلیم حاصل کریں یہ میراخواب اورمشن ہے ، ناروے کی وزیر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس، سرکاری ٹی وی کوانٹرویو

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:47

اوسلو/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء ) نوبل امن انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ وہ دیکھ رہی ہیں کہ آئندہ 20 سال میں وہ پاکستان کی وزیر اعظم ہوں گی۔اوسلو میں ناروے کی خاتون وزیر اعظم ارنا سولبرگ کے ساتھ پریس کانفرنس میں ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے وطن کی خدمت کرنااور اسے ترقی کے میدان میں آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتی ہوں ’کیونکہ میں ایک محب وطن پاکستانی ہوں اور یہی وجہ ہے کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ سیاست میں قدم رکھوں اور ایک دن آئے گا جب لوگ مجھے ووٹ دیں گے اور اکثریت حاصل کر کے میں پاکستان کی وزیراعظم بن جاوٴں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ پاکستان کے آئین کے مطابق 35 سال کی عمر میں ہی وزیر اعظم بن سکتے ہیں اس لیے میرے پاس ابھی بہت وقت ہے۔

(جاری ہے)

‘ایک سوال کے جواب میں 17 سالہ بہادر اور جواں ہمت ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی شخصیت سے بہت متاثر ہیں اور زندگی میں آگے بڑھنے کا جذبہ بھی ان ہی سے حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں خواتین پراتنی پابندیاں ہوں کہ آگے بڑھنا دشوار ہوجائے لیکن بے نظیر بھٹو ایک مثال ہیں کیوں کہ انہوں نے اپنی لگن اور بہادری سے یہ کرکے دکھایا۔

دریں اثناء ملالہ یوسفزئی نے کہاہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ملک کی ترقی ،خوشحالی اورتعلیم کیلئے مل کرکام کریں ،مجھے گولیاں مارنے والوں کواندازہ نہیں تھاکہ ان کی گولیاں باہرجائیں گی ،تمام بچے تعلیم حاصل کریں یہ میراخواب اورمشن ہے ۔سرکاری ٹی وی کوانٹرویومیں انہوں نے کہاکہ علاقائی سطح پرسیاست شروع کروں گی پھرملکی سطح پرپہنچوں گی ،تمام جماعتیں پاکستان کی خوشحالی اورترقی کیلئے سوچیں اورمتحدہوکرکام کریں تمام جماعتوں کاویژن ایک ہی ہے ،سب چاہتے ہیں ملک سے غربت ختم ہو،تعلیم عام ہو،تعلیم کیلئے کام کرتی رہوں گی ،دہشتگردہمیں تعلیم سے روکناچاہتے تھے ،مجھ پرحملے کے بعدہماری آوازبلندسے بلندہوتی جارہی ہے ،2012ء میں مجھ پراورمیرے دوستوں پرحملہ کیاگیاتھا،گولیاں مارنے والوں کواندازہ نہیں تھاکہ ان کی گولیاں باہرجائیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ تمام بچے تعلیم حاصل کریں یہ میرامشن اورخواب ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملالہ یوسف زئی کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ایک پروقار تقریب میں امن کے نوبل ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ تقریب کے منتظمین نے ملالہ کو بچیوں کی تعلیم کے لیے بے مثال جدوجہد کرنے پرشاندارالفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا۔