تحریک انصاف سے غیر رسمی بات چیت مثبت رہی،ہفتہ کی شام یا اتوار کو مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا،احسن اقبال ،جوڈیشل کمیشن کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں،کمیشن کے دائرہ کار کی تفصیلات طے کرنا باقی ہیں،ملک کے استحکام اور بہتری کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء)وفاقی وزیر ترقی وبہبود آبادی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے غیر رسمی بات چیت مثبت رہی،ہفتہ کی شام یا اتوار کو مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا،جوڈیشل کمیشن کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں،کمیشن کے دائرہ کار کی تفصیلات طے کرنا باقی ہیں،ملک کے استحکام اور بہتری کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف سے ابتدائی رابطہ ہوا ہے اور اسد عمر سے غیررسمی بات چیت ہوئی جو مثبت رہی،ہفتے کی شام یا اتوار کو مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے،جوڈیشل کمیشن کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں،کمیشن کے دائرہ کار کی تفصیلات طے کرنا باقی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام اور بہتری کیلوے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا،نیت ٹھیک ہو تو اختلافات دور کئے جاسکتے ہیں،عمران خان ایک طرف بات چیت دوسری طرف چوراچکا کہہ رہے ہیں،سیاست کے اندر شائستگی کو ہر حال میں قائم رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف انتخابی اصلاحات کمیٹی میں تجاویز پیش کرے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے واقعے میں نامزد چند افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں اور پولیس مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مار رہی ہے،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی تسلیم کرے یا نہ کرے نوازشریف،آصف زرداری،اسفندیارولی،الطاف حسین،مولانا فضل الرحمان حقیقت ہیں اور یہ سب ایک گلدستہ ہیں اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔