تحریک انصاف اور حکومت سنجیدہ مذاکرات کریں، ایسا نہ ہو کہ دونوں کے ہاتھ کچھ نہ لگے،خورشید شاہ،جوڈیشل کمیشن کے انتخابی عمل کے بارے میں فیصلے کو سیاسی جماعتوں کو تسلیم کرنا ہوگا،ایم کیو ایم الطاف بھائی کو2015 کے سینیٹ کے انتخابات میں سینیٹر منتخب کرائیں ، چاروں صوبائی الیکشن کمشنر مستعفی ہوں ورنہ پیپلز پارٹی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھے گی،اپوزیشن لیڈر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومت آپس میں سنجیدہ مذاکرات کریں کہیں ایسا نہ ہو کہ دونوں کے ہاتھ کچھ نہ لگے،جوڈیشل کمیشن کے انتخابی عمل کے بارے میں فیصلے کو سیاسی جماعتوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔ایم کیو ایم سے اپیل ہے کہ الطاف بھائی کو2015 کے سینیٹ کے انتخابات میں سینیٹر منتخب کرائیں ان کی زندگی کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود کرے گا۔

چاروں صوبائی الیکشن کمشنر مستعفی ہوں بصورت دیگر پیپلز پارٹی چیف الیکشن کمشنر کو ان کے مستعفی ہونے کے لئے خط لکھے گی۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف دونوں سیاسی بحران کے حل کے لئے سنجیدہ مذاکرات کریں اور جوڈیشل کمیشن کے انتخابی عمل کے حوالے سے دیئے گئے فیصلے کو سیاسی جماعتوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

مذاکرات شروع ہوتے ہی عمران خان کو احتجاج ملتوی کر دینا چاہیے ۔سپریم جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے اگر کوئی قوانین میں ترمیم کرنا پڑتی ہے تو اس میں دیر نہیں کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعت جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ نہیں مانے گی حالات خراب کرنے کی ذمہ داری بھی اسی پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر شاہ محمود قریشی نے موبائل لہرا کر مذاکرات کرنے پر آمادگی ظاہر کی ۔

اب تحریک انصاف نے یہ سمجھ لیا ہے کہ ان کے لئے تین سال تک تحریک چلانا مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان سندھ میں آ کر سیاسی سرگرمیاں شروع کر سکتے ہیں انہیں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوگا۔ سندھ کے سیاسی لوگ سنجیدہ ہیں وہ اپنے کارکنوں کو لاٹھیا تھما کر سڑکوں پر نہیں لائیں گے ۔ ایم کیو ایم سے میری اپیل ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالیں ۔

ایم کیو ایم الطاف حسین کوسینیٹر منتخب کرے تا کہ وہ ایوان میں عوام کے لئے مزید متحرک کردار ادا کریں ۔ان کی زندگی کی حفاظت اللہ تعالیٰ کی ذات کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چاروں صوبائی الیکشن کمشنر فوری طور پر استعفی دے دیں ورنہ پیپلز پارٹی ان کو ہٹانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات شروع ہوتے ہی تحریک انصاف انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت کرے۔