فیصل آباد ، تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کے قتل میں ملوث 15سے زائد افراد کو پولیس نے خفیہ کیمروں کی مدد سے لی گئی فوٹیج سے نشاندہی ہونے پر گرفتار کرلیا

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:34

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء ) فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کے قتل میں ملوث 15سے زائد افراد کو پولیس نے خفیہ کیمروں کی مدد سے لی گئی فوٹیج سے نشاندہی ہونے پر گرفتار کرلیا ہے جن میں ملزم امتیاز سراج ، ندیم مغل ، ملک زاہد اور دیگر شامل ہیں ۔ تحریک انصاف کی طرف سے تھانہ سمن آباد میں جو ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی اس میں وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی ، سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ان کے داماد رانا شہریار خان ، ڈی سی او فیصل آباد سردار نور الامین مینگل ، افتخار عرف عطاء پہلوان ، امتیاز ولد سراج الدین ، ندیم مغل ، چینی اعوان ، ارشد صدیقی سابق ناظم یونین کونسل اور ملک زاہد کے علاوہ تین سو سے لگ بھگ نامعلوم مسلم لیگی کارکن اور تاجر شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس نے اپنے خفیہ ذرائع اور خفیہ کیمروں سے حاصل کی گئی فوٹیج کے علاوہ خفیہ اداروں کی رپورٹ پر پندرہ سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے تاہم میڈیا پر آنے والے اصل ملزم کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے گزشتہ روز حق نواز مقتول کے گھر میں اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ رانا ثناء اللہ کے ڈیرے پر تیار کیا گیا اور اس موقع پر ڈی سی او فیصل آباد نور الاامین مینگل نے گارنٹی دی تھی کہ انتظامیہ کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں کرے گی اور نواز لیگ کے کارکن جو چاہیے ہنگامہ آرائی کرکے تحریک انصاف کے کارکنوں کو بھگا سکتا ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ ساری کہانی من گھڑت ہے اور ہم اور ہمارے آدمی بے گناہ ہیں اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عمران خان اور اس کے ساتھی ملک کا نظام درہم برہم کرنے پر تلے ہوئے ہیں مگر ہم ان کے عزائم کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دینگے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں تھانہ سمن آباد میں اس ایف آئی آر جس میں اسے ملزم نامزد کیا گیا ہے وہ اپنی بے گناہی ثابت کرینگے اور وہ بھی عمران خان اور اس کے ساتھ مرکزی عہدیداروں کیخلاف دھمکیاں دینے اور کارکنوں پر تشدد کے الزام میں ایف آئی آر درج کرائینگے ۔