نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 74 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی،قیمتوں میں کمی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ماہ اکتوبر کیلئے دی گئی،صارفین کو جنوری کے بلوں میں ریلیف ملے گا، عوام بجلی کی قیمت میں کمی کی خوشخبری جلد سنیں گے،ڈاکٹر مصدق ملک،سپریم کورٹ نے وزیراعظم سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردیں،تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل شروع ہوگیا،حکومت اور تحریک انصاف کے مابین مذاکرات سے جمہوریت مستحکم ہوگی،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء)ترجمان وزیراعظم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عوام بجلی کی قیمت میں کمی کی خوشخبری جلد سنیں گے،سپریم کورٹ نے وزیراعظم سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردیں،تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل شروع ہوگیا،حکومت اور تحریک انصاف کے مابین مذاکرات سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے،آپریشن میں فوج نے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں،آئی ڈی پیز کی سیکورٹی کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے،روزانہ ایک ہزار خاندان کو سیکورٹی اور سلیقے کے ساتھ روانہ کیا جائے گا،آپریشن والے علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی جلد عوام خوشخبری سنیں گے،آئندہ ایک دو دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کردی جائے گی اور بلنگ کی آڈٹ رپورٹ کابینہ میں پیش کی جائے گی،پٹرول کی قیمت قابل برداشت حد تک آگئی ہے،تیل قیمتوں میں کمی کے باعث بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں گی،مذاکرات کا عمل شروع ہوگیا،بامعنی مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھائیں گے،مذاکرات سے جمہوریت مستحکم ہوگی،مذاکراتی عمل کو بہتر انداز میں آگے بڑھائیں گے،پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے رابطہ ہوچکا ہے،غیر مشروط مذاکرات ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ادھرنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں 74 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ۔قیمتوں میں کمی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ماہ اکتوبر کیلئے دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سماعت ہوئی جس میں کے الیکٹرک نے موقف اختیار کیا کہ اکتوبر کے کے لئے کل ایک ارب42 کروڑ یونٹ بجلی بچائی گئی جبکہ بجلی کی فیول لاگت میں ایک ارب3 کروڑ کی کمی ہوئی جس کے بعد نیپرا نے بجلی قیمتوں میں74 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ۔کمی کی منظوری ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے جس سے صارفین کو جنوری کے بلوں میں ریلیف ملے گا۔