تحریک انصاف کی جانب سے “پلان سی” کے تحت آج کراچی میں 25 مقامات پر انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا شہر کے 25 مقامات پر تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف ترتیب دیئے گئے، پلان سی کے مطابق احتجاج کیا جائے گا ، کارکن اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ، احتجاج کے باعث اہم شاہراہوں کے بند ہوجانے کا امکان،پولیس کا لائحہ عمل تیار،جلاوٴ گھیراوٴ یا ز بردستی د کان، دفتر یا کاروبار بندیا قانون ہاتھ میں لینے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا، پولیس چیف،وزیر داخلہ چوہدری نثار کی گورنر،وزیراعلی سندھ و ڈی جی رینجرز سے مشاورت،جمہوری اظہاررائے سب کاحق ہے ،لیکن امن وامان میں خلل برداشت نہیں ، وفاقی وزیرداخلہ

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء)تحریک انصاف کی جانب سے “پلان سی” کے تحت آج ہفتہ کو کراچی میں 25 مقامات پر انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا ۔ شہر کے 25 مقامات پر تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف ترتیب دیئے گئے پلان سی کے مطابق احتجاج کیا جائے گا اوراس دوران کارکن اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے جب کہ احتجاج کے باعث اہم شاہراہوں کے بند ہوجانے کا امکان ہے۔

شہر کے مصروف ترین علاقے ٹاور میں دھرنا دینے سے کراچی پورٹ کو آنے اور جانے والے راستے بند ہوجائیں گے جبکہ کیماڑی بندرگاہ، آئی آئی چندریگرروڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر ٹریفک شدید متاثرہوگی۔ تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کا دوسرا مقام کلفٹن تین تلوار ہوگا جہاں احتجاج سے گلف مارکیٹ سمیت کئی کاروباری علاقے سنسان ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

قیوم آباد میں دھرنا دینے سے کورنگی ایکسپریس وے، کورنگی انڈسٹریل ایریا، اوربلوچ ایکسپریس وے کے راستے بند ہوجائیں گے،نرسری کے مقام پر شارع فیصل بند ہونے سے نہ صرف شہر بھرمیں ٹریفک متاثر ہوگی، بلکہ ملحقہ علاقوں میں کاروبار بھی ٹھپ ہوکر رہ جائیگا۔

شہر کے سب سے اہم مرکز نمائش چورنگی پراحتجاج سے ایم اے جناح روڈ، گرومندر، شاہراہ قائدین، گارڈن اور صدر کے علاقے شدید متاثر ہوں گے۔ حسن اسکوائر پراحتجاج سے کارساز روڈ، یونیورسٹی روڈ، عیسیٰ نگری، پرانی سبزی منڈی اور ایکسپو سنٹر کے علاقے جام ہوجائیں گے۔ گلستان جوہر پردھرنے سے ڈالمیا روڈ، راشد منہاس روڈ سے آنے اور جانے والے راستے بند ہوجائیں گے اسی طرح سہراب گوٹھ میں احتجاج سے سپرہائی وے کے ذریعے شہر میں آنے اور جانے والوں کیلئے راستہ نہیں بچے گا۔

فائیواسٹارچورنگی پراحتجاج سے ناظم آباد اورملحقہ علاقے شہرسے کٹ جائیں گے جب کہ حب ریور روڈ پردھرنے سے منگھوپیراور بلدیہ کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور قائدآباد میں احتجاج سے نیشنل ہائی وے سے شہرکا ایک اور داخلی اورخارجی راستہ بند ہوجائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پلان سی کے مطابق آج(جمعہ)کو کراچی میں احتجاج کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں عمران خان نے کراچی کے مختلف مقامات کوبند کرنے کے حوالے سے ہدایت جاری کر دی ہے ۔جس کے مطابق حسن سکوائر ، نمائش چورنگی ،فائیو اسٹار چورنگی،راتھ ناظم آباد،کلفٹن تین تلوار، انڈسٹریل ایریا ،سپر ہائی وے ، نیشنل ہائی وے ،حب ریور روڈ، نیٹی جیٹی سمیت دیگر مقامات پر دھرنے کی منظوری دے دی ہے اور سندھ قیادت کو ہدایت کی کہ کارکنان کو پرتشدد واقعات سے روک کر شیڈول کے مطابق پرامن دھرنا پر قائل رکھا جائے۔

تحر یک انصاف کی قیادت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج (جمعہ کو ) کراچی میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں اور پی ٹی آئی کے پر امن احتجاج کو کامیاب بنائیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر جمعہ کو کراچی میں احتجاج کے لیے پارٹی کارکنوں کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اورجمعرات کی شب شہر بھر میں ریلیاں نکالی گئی ۔

جس میں پارٹی قیادت نے بھی شرکت کی ۔ تمام اضلاع میں یوتھ ونگ ، لیبر ونگ ، خواتین ونگ اور اسٹوڈنٹس ونگ کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں کاریں ، موٹر سائیکلیں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔سی ویو سے تین تلوارتک نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی ،نادر اکمل لغاری ،انجینئر نجیب ہارون نے کہا کہ جمعہ کو کراچی میں ٹرانسپورٹ اور کاروبار بند رہے گا عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرامن احتجاج میں ہمارا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر فیصل آباد جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔کراچی کے عوام نے دھاندلی خلاف تحریک میں پہلے بھی تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا تھا ۔ کراچی کی عوام نے دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے اور اہلیان کراچی آج رضا کارانہ دھرنوں اور احتجاج میں ساتھ ہونگے۔ علی زیدی نے حسن اسکوائر سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ کراچی کی عوام نے ساتھ دیا کیونکہ کراچی اب تبدیلی چاہتا ہے ۔

آج کے احتجاج کو کراچی کی عوام خود کامیاب بنائینگے ۔ کیماڑی میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کمیٹی کے رہنما سبحان علی ساحل نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کی طاقت سے دھاندلی زدہ حکومت کے خلاف سخت جدوجہد کی جائے اور انصاف کے حصول تک حکومت سے کوئی رعایت نہ کی جائے ۔ سید حفیظ الدین نے سائٹ ایریا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کامیابی کو عوام کی کامیابی قرار دیتے ہیں۔

خیبر پختونخواہ کے صدر اعظم خان سواتی نے ملیر میں ریلی سے خطاب میں کہا کہ آج سارا کراچی اور ہر زبان کے لوگ دھاندلی اور ناانصافی کے خلاف متحد ہیں حکومت اپنے دن گننا شروع کردیں ۔ تحریک انصاف سندھ کے سیکر یٹری اطلاعات جمال صدیقی کے مطابق عمران خان جمعہ کو دن 12بجے کراچی پہنچیں گے ۔وہ کراچی میں دھرنے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ دھرنے نماز مغرب سے قبل ختم کر دئیے جائیں گے۔

ادھرپاکستان تحریک انصاف کے پلان سی کے تحت آ ج جمعہ کو کراچی بند کرانے کی منصوبہ بندی کے جواب میں پولیس نے بھی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ کسی کو قانونی شکنی نہیں کرنے دیں گے۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی میں احتجاج یا جلسہ جلوس کرنا کسی بھی شہری کا جمہوری حق ہے دفعہ 144 کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے کی بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے آج جمعہ کو شہر بند کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کوئی شہری اپنی مرضی سے اپنی دکان، دفتر یا کاروبار بند کرنے کا اختیار رکھتا ہے لیکن اس سلسلے میں کسی کو دھونس، دھاندلی یا زبردستی نہیں کرنے دیں گے۔ جلاوٴ گھیراوٴ یا قانون ہاتھ میں لینے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے آج کے حوالے سے کراچی کے 25 سے زائد مقامات پر احتجاج کرنے کا لائحہ فراہم کیا ہے۔ جس کے تحت شاہراہ فیصل نرسری، کلفٹن تین تلوار، نمائس چورنگی، ملیر، نارتھ ناظم آباد، صدر اور لیاری کے علاقوں میں مرکزی پروگرام ہونگے۔ غلام قادر تھیبو کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کرنے والے رہنماوٴں اور کارکنوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

پولیس چیف کے مطابق آج شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کراچی میں فیصل آباد کے احتجاج جیسی صورتحال نہیں ہوگی۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج اوردھرنے کے حوالے سے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اورڈی جی رینجرزسے مشاورت کی ،چوہدری نثارعلی خان کاکہناتھاکہ جمہوری اظہاررائے سب کاحق ہے ،لیکن امن وامان میں خلل برداشت نہیں ،وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے جمعرات کی شب گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اورڈی جی رینجرزسے الگ الگ فون پربات کی ۔

وزیرداخلہ نے ان رہنماوٴں سے تحریک انصاف کے احتجاجی جلسوں اوردھرنوں کے حوالے سے مشاورت کی ،ان کاکہناتھاکہ جمہوریت میں اظہاررائے پرقدغن نہیں ،آزادی اظہاررائے سب کاحق ہے لیکن امن وامان میں خلل کوبرداشت نہیں کیاجاسکتا