سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کا 3 نومبر کو ایمرجنسی لگانے سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں خصوصی عدالت کا فیصلہ چیلنج

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان عبدالحمید ڈوگر نے خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کردیا‘ درخواست میں وزارت داخلہ بذریعہ سیکرٹری داخلہ‘ سابق صدر پرویز مشرف اور خصوصی عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔ سابق چیف جسٹس آف پاکستان عبدالحمید ڈوگر نے و کیل افتخار گیلانی کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں خصوصی عدالت کے 21 نومبر کے 2014ء کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کا 3 نومبر کو ایمرجنسی لگانے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خصوصی عدالت نے بلاجواز 21 نومبر 2013ء کو شریک ملزم ٹھہرایا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف 3 نومبر کو ایمرجنسی کے ذمہ دار ہیں کیونکہ بطور صدر پاکستان انہوں نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے 3 نومبر کو ایمرجنسی لگانے کا اقدام کیا تھا تاہم عبدالحمید ڈوگر کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراضات لگائے گئے ہیں کہ خصوصی عدالت کے فیصلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج نہیں کئے جاسکتے۔ خصوصی عدالت کے اختیارات ہائیکورٹ کے برابر ہوتے ہیں لہٰذا درخواست متعلقہ فورم پر دی جاسکتی ہے۔ مقدمہ کی سماعت اب 12 دسمبر بروز جمعہ کو ہوگی۔