چاہتا ہوں الطاف حسین پہلے کی طرح عمران کو ویلکم کریں،شیخ رشید ، جو فیصل آبا دمیں ہوا اگر لاہور میں پیش آیا تو ملک میں انتشار پیدا ہوگا،لاہور میں اگر حالات خراب ہوئے تو ایسا نہ ہو مذاکرات آگے نہ بڑھ سکیں،کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 دسمبر 2014 09:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں جس طرح الطاف حسین نے عمران خان کو پہلے ویلکم کیا اب بھی اسی طرح ویلکم کریں۔کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس اسمبلی کا امیج صحیح نہیں رہا اب وہ اپوزیشن لیڈر بننا نہیں چاہتے، انھوں نے ایک سوال پر کہا کہ جو فیصل آبا دمیں ہوا اگر لاہور میں پیش آیا تو ملک میں انتشار پیدا ہوگا،لاہور میں اگر حالات خراب ہوئے تو ایسا نہ ہو مذاکرات آگے نہ بڑھ سکیں ، انھوں نے مزیدکہا کہ میرے بلورانی کہنے پر آصف زرداری ناراض ہوگئے، آصف زرداری کی لندن ہسپتال تک کی رپورٹیں ان کے پاس آتی ہیں ، اگرآصف زرداری سڑکوں پر نہ آئے تو وہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں ختم ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، تحریک انصاف کے احتجاج سے متعلق انھوں نے کہا کہ جو دکان بند کرنا چاہتا ہے کرے جو نہیں کرنا چاہتا نہ کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ایک سوال پر بتایا کہ وہ نائن زیرو نہیں جارہے ان کے ایم کیو ایم سے جوانی کے دورسے اچھے تعلقات ہیں اور نائن زیروجانے یا نہ جانے کافیصلہ پی ٹی ائی نے کرنا ہے ، اگر عمران خان نے کہا تو نائن زیرو جا سکتی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں جس طرح الطاف حسین نے عمران خان کو پہلے ویلکم کیا تھا اس بار بھی ویلکم کریں۔