سیالکوٹ‘ موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے نا ئب ضلعی صدر محمد انور جاں بحق ،وزیرا علیٰ پنجاب کا گورنر سندھ کو ٹیلیفون ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل پر اظہار افسوس ،ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:48

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء)سیالکوٹ میں شہاب پورہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایم کیو ایم سیالکوٹ کے نائب صدر باؤ محمد انور جاں بحق ہوگئے، متحدہ کے قائدالطاف حسین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب سے قاتلوں گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ، ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق باؤ انور ریسٹورنٹ کے باہر اپنے بھائی اور بیٹے کے ساتھ کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں باؤ انور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ایم کیو ایم کا دعویٰ ہے کہ حملے کے وقت قریب ہی پولیس اہل کار بھی موجود تھے لیکن انھوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے،لندن سے جاری بیان الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاسی کارکنوں کے قتل، جرائم اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات حکومت پنجاب کی کارکردگی پر ایک سوال ہیں؟ الطاف حسین نے محمد انور کے سوگوار لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

ادھر ایم کیوایم سیالکوٹ ڈسٹرکٹ کے نائب صدر باؤ محمد انور کے بہیمانہ قتل پر علی الصبح ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی تعزیتی اجلاس ، نوازشریف کی موجودہ حکومت ایم کیو ایم کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور شہادت کے خلاف بھرپور احتجاج کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہو جائے۔ عوام خصوصاً غریب کارکنان سے اپیل کی کہ وہ کھانے پینے کی اجناس کا ذخیرہ جمع کرلیں کیونکہ ہم 100 دن کی ہڑتال کرنے والے نہیں بلکہ ہم یا تو خود ختم ہو جائیں گے یا حکومت کو ختم کر دیں گے۔

رابطہ کمیٹی کی متفقہ قرار داد ، متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے منگل کو رات گئے ایم کیو ایم سیالکوٹ ڈسٹرکٹ کے نائب صدر باؤمحمد انور کے بہیمانہ قتل پر بدھ کو علی الصبح اپنا ہنگامی تعزیتی اجلاس کیا۔ اجلاس میں باؤ محمد انورکی شہادت کے سانحہ کی مذمت کی گئی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور باؤمحمد انور شہید کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی کہ نواز شریف کی موجودہ حکومت ایم کیوایم کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور شہادت کے خلاف بھرپور احتجاج کاسامنا کرنے کے لئے تیار ہو جائے۔ایم کیو ایم کے ضلع سیالکوٹ کے نائب صدر باؤ انور کو گزشتہ رات دکان پر نا معلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا ہے جسم پر 11گولیاں لگی۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے ضلعی عہدیدار باؤ انور کو گزشتہ رات تین نامعلوم نقاب پوش مسلح ا فراد نے گولیا ں مار کر قتل کر دیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق باؤ انورگزشتہ رات شہاب پورہ میں اپنی دکان کے باہر کھڑا تھا کہ اگو کی روڈ کی طرف سے 125 سی سی موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح نقاب پوش افراد آئے جنہوں نے آتے ہی ایک آواز لگائی (او باؤ انور)باؤ انور نے جونہی مڑ کر سڑک کی طرف دیکھا تو تینوں مسلح افراد نے بڑے اطمنان کے ساتھ جدید اسلحہ سے فائر کھول دیا جس سے باؤ انور کے جسم میں11 گولیاں پیوستہ ہو گئیں اور وہ مو قع پر ہی جاں بحق ہو گے ایک گولی برگر بنانے والے کاریگر کے جسم لگی جس سے وہ زخمی ہو گیا طبی امداد کیلئے جس کو فوری طور پر قریبی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگے ۔تھانہ حا جی پورہ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کاروائی شروع کر دی۔ تا حال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے اور نہ ہی ا بھی تک وجہ قتل معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ واضح رہے کہ باؤ انور نے گزشتہ چار ماہ سے سیالکوٹ میں نان بھائیوں کے ساتھ مل کر سیالکوٹ میں روٹی کی قیمت 6روپے سے8روپے کروا کر نان بھائیوں سے پانچ سو روپے فی تندور فنڈز کی شکل میں ماہانہ وصول کرتا تھا۔

باؤ انور کی نمازجنازہ شام چھ بجے مسجد عید گاہ اہلحدیث کی گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔جس میں سینکڑوں افراد کے علاوہ ایم کیو ایم پنجاب کے صدر میاں عتیق الراحمن ،پاکستان مسلم لیگ کے ایم این اے چوہدری ارمغان سبحانی،ایم پی اے چوہدری محمد اکرام پا کستان تحریک انصاف کی طرف سے عمر ڈار اور دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول باؤ انور کی ظاہری طور پر کسی سے کوئی دشمنی نہ تھی اور شریف النفس انسان تھا اور عرصہ دو سال سے پارٹی سرگرمیوں سے خود کو علیحدہ کر رکھا تھا۔

مقتول با ؤ انورکو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں قریبی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا ہے۔مقتول باؤ انور نے اپنے پیچھے دو بیوہ ،چار بیٹیاں اور دو بیٹے سوگوارچھوڑے ہیں ایک بیوی پہلے ہی قتل ہو چکی ہے۔ڈسی او سیالکوٹ ندیم سرور اور ایس پی عرفان طارق نے مقتول باؤ انور کے گھر جا کر ورثاء سے تعزیت کی اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

ادھر وزیرا علیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ٹیلیفون ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل پر اظہار افسوس ،ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ میں گذشتہ روز ایم کیو ایم کے کارکن محمد انور رضا کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل پر اظہار افسوس کیا انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل پر انہیں انتہائی افسوس ہے قتل کے ملزما ن کی گرفتاری کے لئے انہوں نے پہلے ہی ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کر کے ملزما ن کو گرفتار کر نے کے احکامات جاری کر دےئے ہیں اس حوالے سے ڈی پی او سیالکوٹ نے خصوصی چھاپہ ما ر ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور انہیں ہدائیت جاری کی ہیں کہ 12 سے 14گھنٹے میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے