تحریک انصاف کا کارکن قتل، نئی تصاویر نے کیس کو ایک نیا رُخ دے دیا،فیصل آبادپولیس نے حق نوازکے قتل میں ملوث 6اہم ملزمان کوگرفتارکرلیا،اڑتالیس گھنٹے گزرنے کے بعد بھی فیصل آباد فائرنگ واقعے کا ملزم کا پتہ نہ چل سکا ، وزیراعظم کا اظہار برہمی

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء) 8دسمبر کو فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جلاوٴ گھیراوٴ اور شٹر ڈاوٴن کی کال پر ہنگامے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تحریک انصاف کے کارکن کی ہلاکت کے کیس نے نیا موڑ لے لیا ہے ، جاں بحق شخص کے بھائی کی دائر ایف آئی آر میں جن افراد امتیاز ولد سراج، ندیم کو نامزد کیا گیا تھا ان کو 1روز قبل سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے میڈیا کے سامنے پیش کیا اور میڈیا کے سامنے دعویٰ کیا کہ اگر یہ لوگ فائرنگ کرنے والے تھے تو ٹی وی چینلز پر چلنے والی ویڈیو میں شخص کون ہے، رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس کے بعد معاملہ مزید بگڑ گیا ، لیکن اب جاری ہونے والی تصاویر نے کیس کو ایک نیا موڑ دے دیا ہے، جاری ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جن افراد کو رانا ثناء اللہ نے میڈیا کے سامنے پیش کیا وہ فائرنگ کرنے والے شخص کے ساتھ موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرفیصل آبادپولیس نے تحریک انصاف کے کا رکن حق نوازکے قتل میں ملوث 6اہم ملزمان کوگرفتارکرلیا،پولیس کاکہناہے کہ گرفتارافرادکے ذریعے فائرنگ کرنے والوں تک پہنچیں گے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق بدھ کے روزپولیس نے فیصل آبادکے مختلف علاقوں میں چھاپے مارکرحق نوازقتل کیس کے 6ملزمان کوگرفتارکرلیاہے ،پولیس کاکہناہے کہ گرفتاریوں سے متعلق آئی جی پنجاب کوآگاہ کردیاگیاہے ،گرفتارافرادکے ذریعے فائرنگ کرنے والوں تک پہنچیں گے ۔

ذرائع کے مطابق گرفتارہونے والوں میں ایک باریش شخص بھی شامل ہے سی پی اوسہیل تاجک کے مطابق گرفتارافرادسے تفتیش جاری ہے جبکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد فیصل آباد فائرنگ میں ملزم کی شناخت کریں جس کے بعد بارہ گھنٹوں میں بریک تھرو کا امکان ہے ۔ بدھ کے روز وزیراعظم نواز شریف نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اڑتالیس گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ملزم کا پتہ نہ چل سکا جس کے بعد نواز شریف نے نادارا کو ہدایت کردی کہ جلد از جلد نادرا فیصل آباد فائرنگ میں ملوث شخص کی شناخت کا عمل پورا کرے اور تمام رپورٹس ملزم کے حوالے سے پیش کی جائیں جس کے بعد نادرا نے میڈیا سے بھی تمام تر ثبوت حاصل کرلئے ہیں وزیراعظم کی ہدایت کے بعد نادرا کے ماہرین کی ٹیم ملزم کی شناخت کے حوالے سے متحرک ہوگئی ہے جس کے بعد نادرا رپورٹس پر آئندہ بارہ گھنٹوں میں بریک تھرو کا امکان ہے ۔