فیصل آباد میں نہتے اور معصوم کارکن حق نواز پر گولیاں برسا کر شہید کردیاگیا جس کی ذمہ دارالحکومت پر عائد ہوتی ہے،عمران خان،پرامن احتجاج پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے، انصاف نہیں ملے گا تو سڑکوں پر انصاف لینا آئینی حق ہے، نوازشریف کے دور حکومت میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، این اے 122میں 15دسمبر کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا،کے پی کے میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا حلقہ بھی دوبارہ گنتی کیلئے کھولنے کو تیار ہوں، دھرنے سے خطاب

بدھ 10 دسمبر 2014 08:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے آزادی مارچ دھرنا کو118دن مکمل ہوگئے ہیں جس سے ایک پودا بھی نہیں ٹوٹا،لیکن فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے نہتے اور معصوم کارکن حق نواز پر گولیاں برسا کر شہید کردیاگیا جس کی ذمہ دارالحکومت پر عائد ہوتی ہے۔ آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حق نواز کے قاتل کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے،پرامن احتجاج پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے، انصاف نہیں ملے گا تو سڑکوں پر انصاف لینا آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دور میں لوگوں پر گولیاں چلانا آمریت کی یاد تازہ کردیتا ہے،نوازشریف کے دور حکومت میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چار حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات ڈیڑھ سال سے حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے،لیکن حکومت تھیلے کھولنے کیلئے تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122میں 15دسمبر کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے کیلئے کہہ رہے ہیں،ایازصادق ڈیڑھ سال سے حکم امتناعی لے کر این اے122میں دوبارہ گنتی نہیں کروا رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج کا حق رکھتی ہے،مسلم لیگ(ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کو کے پی کے اور دیگر صوبوں میں پی ٹی آئی کے کسی بھی حلقہ میں شک ہے تو دوبارہ گنتی کروانے کیلئے تیار ہوں،کے پی کے میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا حلقہ بھی دوبارہ گنتی کیلئے کھولنے کو تیار ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے کیونکہ دھاندلی سے پارلیمنٹ میں جانے والے اراکین جعلی مینڈیٹ کے ساتھ جاتے ہیں جس سے لوگوں کو انصاف نہیں ملتا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت کی ذمہ داری پنجاب حکومت کے وزراء پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ہمیشہ غلط بیانات دیتے ہیں اور قوم کو گمراہ کرتے ہیں۔رانا ثناء اللہ کو قانون کی الف ب کا بھی نہیں پتہ۔عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انصاف نہ ملا تو سڑکوں پرپرامن احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے