فیصل آباد واقعہ، تحریک انصاف کا حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے سے انکار،حکومت طاقت کا استعمال کرکے ہمارے مظاہروں کو نہیں روک سکتی،عارف علوی

منگل 9 دسمبر 2014 08:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء) فیصل آباد واقعے کے بعد تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ اپنے حق کے لئے نکلنے والے افراد پر طاقت کا مظاہرہ کرکے حکومت نے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا ہے۔پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران فیصل آباد واقعہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ حکومت طاقت کا استعمال کرکے ہمارے مظاہروں کو نہیں روک سکتی، ہمارے کارکنان کی لاشیں گررہی ہیں اور حکومت نے غنڈہ گردی کی انتہا کردی ہے لہٰذا موجودہ ماحول میں مذاکرات نہیں چل سکتے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں پولیس دیکھتی رہی اور (ن) لیگ کے گلو بٹوں نے فائرنگ کی اور جس نے فائرنگ کی رانا ثنااللہ اسے اپنے ساتھ رہا کرکے لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت غیر مستحکم ہوگئی ہے اب ہمارا اگلا مطالبہ حکومت کے گھر جانے کا ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف کی قیادت نے فیصل آباد واقعے کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاج اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کراچی میں ریگل چوک، شارع فیصل سمیت شہرکے مختلف مقامات پر احتجاج کیا جائے گا جب کہ پنجاب میں یوم سیاہ کے دوران صوبے بھر میں احتجاج کیا جائے گا، اس موقع پر پشاور میں تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی گورنرہاوٴس کے باہر فیصل آباد واقعے کے خلاف احتجاج کریں گے ۔