پا کستان ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے،سرتاج عزیز ، اس ضمن میں پاکستان ایران بزنس کونسل اہم کردار ادا کرسکتی ہے ، ایران کے وزیر اقتصادیات و خزانہ سے ملاقات ،ایران پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے سمیت تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے،ایرانی وزیر کی گفتگو

منگل 9 دسمبر 2014 08:25

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء )وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے اس ضمن میں پاکستان ایران بزنس کونسل اہم کردار ادا کرسکتی ہے جبکہ ایران کے وزیر اقتصادیات و خزانہ علی طیب نیا نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور وہ گیس پائپ لائن منصوبے سمیت تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے ۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر نے پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں سرتاج عزیز سے ملاقات کی اور ان سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ قریبی مستحکم تعلقات کا عزم کررکھا ہے اور وزیراعظم نواز شریف کا مئی کا دورہ اس حوالے سے اہم سنگ میل تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمی تجارتی کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے پاکستان تجارتی و اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے کوشاں ہے اور گیس پائپ لائن کو بھی آگے بڑھانا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان کو توانائی کی سخت ضرورت ہے ایرانی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے قیادت کی سوچ کے مطابق باہمی شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا ۔