چین کیساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے، پاکستان ہمیشہ پاک چین تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ممنون حسین، پاک چین دوستی پر فخر ہے ، اقتصادی راہداری کے منصوبے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے، نواز شریف، اقتصادی راہداری خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں،صدر، وزیر اعظم کی چینی وزیر سے گفتگو، پاکستان اور چین کے درمیان دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خاتمے سمیت اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق

منگل 9 دسمبر 2014 08:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پر فخر ہے اور پاکستان اور چین کے درمیان جاری اقتصادی راہداری کے منصوبے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے کیونکہ اقتصادی راہداری خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ پیر کے روز وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین سے چینی سکیورٹی کے وزیر گوشنکن نے وفاقی دارالحکومت میں اہم ملاقات کی جس میں چینی وزیر کی چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے نواز شریف اور ممنون حسین کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین کیساتھ مستحکم تعلقات کو پاکستان بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جس کا ثبوت وزیراعظم بننے کے فوری بعد دورہ چین تھا جبکہ دونوں ملکوں کے عوام بھی ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات اور بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ چین کیساتھ بہتر تعلقات میں اقتصادی راہداری اہم سنگ میل ثابت ہوگی کیونکہ اقتصادی راہداری خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ چین کیساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے اور پاکستان ہمیشہ پاک چین تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چینی وزیر گوشنکن کا کہنا تھا کہ چین کے صدر اور وزیراعظم بھی پاکستان کیساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور چین بھی پاکستان کیساتھ اقتصادی راہداری پر مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے اور چین پاکستان کیساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کا بھی خواہاں ہے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خاتمے سمیت اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔

دورے کے دوران چینی وزیر گوشنکن نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا چینی وزیر تین روزہ دورہ کرکے واپس وطن روانہ ہوگئے ۔