ظلم کے سامنے سرنہیں جھکائیں گے،مقابلہ کریں گے،عمران خان ،فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ اور عابد شیرعلی نے پلان بنا کر سب کچھ کیا،نوازشریف جوڈیشل کمیشن نہیں بنانا چاہتے،حق نواز کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،نیا پاکستان ضرور بن کر رہے گا،فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب

منگل 9 دسمبر 2014 08:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ظلم کے سامنے سرنہیں جھکائیں گے،مقابلہ کریں گے،فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ اور عابد شیرعلی نے پلان بنا کر سب کچھ کیا،نوازشریف جوڈیشل کمیشن نہیں بنانا چاہتے،حق نواز کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،نیا پاکستان ضرور بن کر رہے گا۔ اتوار کی رات فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حق نواز کے والد سے وعدہ ہے کہ اس ملک کو ظالموں سے آزاد کرائیں گے۔

نوازشریف نے ہمیشہ ظلم کی سیاست کی پولیس کا غلط استعمال کیا،ثناء اللہ اور عابد شیر علی نے ملکر جو کیا وہ سب نے ٹی وی پر دیکھا۔ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کیا کوئی نہیں پکڑا گیا،گوجرانوالہ میں فائرنگ کی گئی،کوئی گرفتار نہیں ہوا،اسلام آباد میں گولیاں چلیں،جہلم میں گولیاں چلیں،کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ظلم کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے،ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ملک میں انصاف لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران لوگو ں کو قتل تو کراسکتے ہیں،دھاندلی کی تحقیقات کرانے کو تیار نہیں ہیں۔حلقہ این اے122کھل گیا ہے،تھیلیاں کھولنے سے ڈرنے والوں کا پتہ چل جائے گا،نوازشریف جوڈیشل کمیشن نہیں بننے دیتے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں سوگ منائیں گے،غائبانہ نماز جنازہ ادا کریں گے،نوازشریف جو مرضی کرلیں انصاف لے کر آئیں گے،شٹرڈاؤن کامیاب کرانے پرفیصل آباد کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔