شکاگو‘یونیورسٹی کاپاکستانی طالبعلم فائرنگ سے قتل ،پاکستانی طالب علم کو حملہ آ ورو ں نے لو ٹنے کی کو شش کے دورا ن مز احمت پر قتل کیا

پیر 8 دسمبر 2014 07:27

شکاگو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2014ء)امریکی شہر شکاگو کی لویولا یونیورسٹی کے پاکستانی طالب علم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ امریکی اخبار”شکاگو ٹریبون“ کے مطابق لویولا یونیورسٹی کے پاکستانی طالب علم مطاہر روف کو گولی مار کر ہلاک کیاگیا ہے۔ پاکستانی طالب علم اور اس کے بھائی پر راجرز پارک میں اس وقت دو حملہ آوروں نے حملہ کیا اور لوٹنے کی کوشش کی جب وہ پارک میں چہل قدمی کررہے تھے۔

23سالہ مطاہر روف شکاگو کے ویسٹ پراٹ بلیوارڈ کے 1400 بلاک کارہائشی تھا۔ شکاگو پولیس کے ترجمان تھامس سوینی کا کہنا کہ یہ بلاک یونی ورسٹی سے کچھ ہی فاصلے پر ہے۔ کک کاونٹی کے طبی معائنہ کار نے طالب علم کی موت کی تصدیق کردی جس کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق دو حملہ اوروں نے پاکستانی طالب علم اور اس کے بھائی پر بندوق تان لی اور رقم نکالنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

مقتول نے مبینہ طور پر بندوق کو کھلونا سمجھا اوران سے الجھ پڑا۔ اس جھگڑے میں گولی چل گئی اور حملہ اور فرار ہو گئے۔ طالب علم کے سینے اور سر میں گولیا ں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تاہم مقتول کا بھائی محفوظ رہا اوراسے کو ئی زخم نہیں ایا۔ لویولا یونیورسٹی کے حکام نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں اپنے طالب علم کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے اس المناک صورت حال پر ان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہیں اوراس موقع پر ان کے خاندان سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ یونیورسٹی حکام کا کہنا کہ پولیس اس وقت طالب علم کے خاندان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مقتول کے رشتہ داروں کو مطلع کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :