دہشت گردوں کی سرجری کروا کر بیرون ملک فرار کی منصوبہ بندی،اطلاع پر ایئرپورٹس کی سیکورٹی سخت،مسافروں کی خفیہ سکیننگ،کلیئرنس لی جائے گی

پیر 8 دسمبر 2014 07:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2014ء) علامہ اقبال ایئرپورٹ سے 4 مبینہ دہشتگردوں کی چہرہ پر سرجری کروا کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کے انکشاف پر ایئرپورٹ پر حساس اداروں کے ملازمین کی تعداد تین گنا بڑھا دی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کو اطلاع ملی ہے کہ 4 انتہائی خطرناک مبینہ دہشتگردوں نے اپنے چہروں کی سرجری کروا کے اور اپنے حلیے تبدیل کر کے بیرون ممالک فرار ہونے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

(جاری ہے)

ان مبینہ دہشت گردوں نے اپنے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ بھی اپنی نئی تصاویر اور نئے ناموں کے ساتھ بنوائے ہیں تاکہ ان کی کوئی پہچان نہ کر سکے اور وہ با آسانی بیرون مما لک فرار ہو سکیں۔ اس انکشاف کے بعد ایئر پورٹس کی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں اب بیرون ملک جانے والے تمام مسافروں کی خفیہ سکیننگ ، کلیئرنس لی جائے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور ایئرپورٹ پر نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 621 سے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا تھا جو اپنی ناک کی سرجری کروا کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا ، اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور اسے مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔