شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری، اہم کمانڈرز سمیت 30سے 40شدت پسند ہلاک، وادی تیراہ میں دہشت گرد وں کا سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ‘ 3 اہلکار شہید،4زخمی ، جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے ،دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ‘ ایک جوان شہید‘ 3 زخمی

پیر 8 دسمبر 2014 07:10

پشاور،خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2014ء) شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری کے دوران 30 سے40 شدت پسندوں کے مارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں،ذرائع کے مطابق حافظ گل بہادرگروپ کے کمانڈرمولوی صادق نورکی ہلاکت سے متعلق بھی متضاد اطلاعات مل رہی ہیں،ان ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔

وادی تیراہ کے علاقے میدا ن میں دہشت گرد وں کا سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ‘ 3 سکیورٹی اہلکار شہید‘ جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے‘ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے اتوار کے روز خیبرایجنسی میں وادی تیراہ کے علاقے میدا ن میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے بھاری ہتھیا ر وں سے گولہ بار ی کی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے ا س دوران سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھی دہشت گردوں کو بھرپور جوب دیا گیا اور جوابی کارروائی میں 10 دہستگرد ہلاک کردئیے گئے ،واقعہ کے بعد علاقے میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھرشمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے توت نرے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ واقعہ کے بعد فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے آرمی میڈیکل کیمپ منتقل کردیا گیا۔