اسحاق ڈار نے مذاکرات کی پیشکش نہیں کی،اسحاق ڈار رابطہ کریں تو دعوت تصور کروں گا، شاہ محمود قریشی ،اسحاق ڈار گروپ مذاکرات کا خواہاں ہے، پرویز رشید گروپ ماحول خراب کر رہا ہے،نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 7 دسمبر 2014 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چےئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے مذاکرات کی پیشکش نہیں کی،اسحاق ڈار رابطہ کریں تو دعوت تصور کروں گا،اسحاق ڈار گروپ مذاکرات کا خواہاں ہے،لیکن پرویز رشید گروپ ماحول خراب کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے حوالے سے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا،میڈیا پر دئیے گئے بیانات کو پیشکش نہیں سمجھتا،پیشکش تب ہوگی جب اسحاق ڈار مجھے فون پر یا باضابطہ دعوت دیں گے کہ کب اور کس دن گفتگو کرنی ہے،میڈیا پر بیان قیاس آرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات بارے سوچ رہی ہے،حکومت میں2 طبقے ہیں ایک اسحاق ڈار کا طبقہ ہے جو مذاکرات کا خواہاں ہے اور سمجھتا ہے کہ گفتگو سے معاملات کو حل کیا جاسکتا ہے،دوسرا طبقہ پرویز رشید کا ہے جن کا لب ولہجہ اور بیانات ماحول کو خراب کر رہا ہے اور مذاکرات کی جانب آتا دکھائی نہیں دے رہا۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا احترام کرتا ہوں،وہ رابطہ کریں گے تو پیش رفت تصور کروں گا ۔