پاکستان کیساتھ مختصر وقت میں تعلقات میں بہتری نئی افغان حکومت کا سب سے اہم کارنامہ ہے،جان کیری ،پاکستان‘ افغانستان اور بھارت کو مشترکہ چیلنجوں کاادراک کرنا چاہئے۔ تینوں ممالک کا امریکہ کیساتھ مل کر اپنے مفادات کیلئے آگے بڑ ھنا جنوبی ایشیاء کے بہترین مفاد میں ہوگا۔ امریکی وزیر خارجہ کا بیان

اتوار 7 دسمبر 2014 09:11

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ مختصر وقت میں تعلقات میں بہتری نئی افغان حکومت کا سب سے اہم کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ کے آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی افغان حکومت کامختصر وقت میں پاکستان کیساتھ تعلقات میں بہتری لانا سب سے اہم کارنامہ ہے جبکہ موجودہ افغان حکومت نے منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خاتمے‘ اقتصادی صورتحال میں بہتری اور تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات بھی بہتر کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان‘ افغانستان‘ تاجکستان اور کرغزستان کے درمیان طے پانے والا حالیہ معاہدہ جنوبی اور وسطی ایشیاء میں توانائی کی ضروریات کو بھرپور طریقے سے پورا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان‘ افغانستان اور بھارت کے عوام کو ایک طرح کے چیلنجز کاسامنا ہوسکتا ہے جس کا ادراک ان تینوں ممالک کو کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ تینوں ممالک امریکہ کیساتھ مل کر اپنے مفادات کیلئے آگے بڑھیں گے تو یہ نہ صرف ان کیلئے بلکہ جنوبی ایشیاء کے بھی بہترین مفاد میں ہوگا۔