نئے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو موصول ،جسٹس سردار محمد رضا خان آج بطور چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

ہفتہ 6 دسمبر 2014 07:01

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2014ء ) جسٹس سردار محمد رضا خان آج ہفتہ کو بطور چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی تقریب حلف برداری آج ایک بجے سپریم کورٹ میں ہوگی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان سے حلف لینگے ۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن کو نئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کے تقرر کا باقاعدہ طور پر نوٹی فکیشن موصول ہوگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا آئندہ 5 سال تک چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات رہیں گے جبکہ اس حوالے سے صدر ممنون حسین کی جانب سے تقررنامے پر گزشتہ روز دستخط کئیگئے تھے اور تمام تر آئینی امور طے پانے کے بعد حتمی نوٹی فکیشن الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جسٹس (ر) سردار محمد رضا 10 فروری 1945 کو ایبٹ آباد کے گاوٴں نملی میرا میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم مقامی اسکول اور کالج سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کی اور اسی یونیورسٹی سے 1967 میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ سردار محمد رضا سپریم کورٹ میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں۔