مقبوضہ کشمیر‘مجاہدین کا بھارتی فوجی کیمپ پر حملہ ، ایک اعلیٰ افسر سمیت 7بھارتی فوجی ،3پولیس اہلکار ہلاک ،بھارتی فوج کا 6مجاہدین شہید کرنے کا دعوی ، فورسز کا علاقے کا گھیراؤ ، بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا ،لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا

ہفتہ 6 دسمبر 2014 07:01

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2014ء)مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر مجاہدین کے زبردست حملے میں ایک اعلیٰ افسر سمیت سات بھارتی فوجی اور تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ فوج نے چھ مجاہدین کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ سرحدپارسے موصولہ اطلاعات کے مطابق مجاہدین نے ضلع بارہمولہ میں کنٹرول لائن کے نزدیکی اوڑی کے علاقے مھرامیں بھارتی فوج کی 31فیلڈ رجمنٹ کے کیمپ پر گزشتہ علی الصبح زبردست حملہ کیا ،جسے کے بعد وہاں خونریز جھڑپ شروع ہو گئی جو کئی گھنٹے تک جاری رہی ، جس کے نتیجے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت سات بھارتی فوجی او تین پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔

جنرل آفیسر کمانڈنگ ر بارہمولہ ،19انفینٹری ڈویژن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ علاقے میں دو مقامات پر جھڑپیں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ حملے میں تمام چھ مجاہدین شہید کردئیے گئے ہیں۔حملے کے بعد فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا اور بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا ،جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

یہ کارروائی ایسے وقت کی گئی ہے جب بارہمولہ ضلع سمیت دیگر مقامات پر نام نہاد اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں تیسرے مرحلے میں نو دسمبر کو ووٹ ڈالے جا ئیں گے اس سلسلے میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ہزاروں کی تعداد میں فاضل پیراملٹری فوجی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ یہ حملہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے پیر کے روز دورہ کشمیر سے قبل بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا کنٹرول سنبھالنے کی دلیرانہ کوشش کررہی ہے یہ ایک ایسا اقدام ہے جسے حال ہی تک ناقابل خیال تصور کیا جاتا تھا۔

متعلقہ عنوان :