ہمارے ملک نے دنیا کے بہترین ٹیکنالوجی کے حامل اور جدید زمینی اور فضائی ہتھیار عالمی مارکیٹ میں متعارف کرادیئے ہیں،رانا تنویر حسین ، پاکستان نے مختلف دفاعی شعبوں میں خودانحصاری حاصل کرلی ہے، آئیڈیاز 2014ء کی کی اختتامی تقریب سے خطاب

جمعہ 5 دسمبر 2014 05:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء)وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمارے ملک نے دنیا کے بہترین ٹیکنالوجی کے حامل اور جدید زمینی اور فضائی ہتھیار عالمی مارکیٹ میں متعارف کرادیئے ہیں۔ پاکستان نے مختلف دفاعی شعبوں میں خودانحصاری حاصل کرلی ہے۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014ء کی اختتامی تقریب جمعرات کو ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہوئی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اس حقیقت سے آگاہ رہا ہے کہ سامان حرب امن کی فراہمی، برابری سے رہنے کی خواہش پوری کرنے کے ساتھ امن پسند ملک کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیڈیاز 2014ء کا مقصد ہماری دفاعی مصنوعات کو اجاگر کرنا، خطے کی بڑی نمائش کے انتظام کی صلاحیت کو ثابت کرنا اور عالمی سطح کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں پاکستان کو درپیش سیکورٹی مسائل کا اظہار کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ نمائش کا مقصد مقامی سرکاری اور غیر سرکاری دفاعی صنعت سے منسلک کمپنیوں کو مواقع فراہم کرنا بھی تھا کہ وہ دنیا بھر کے سامنے اپنی مصنوعات کو پیش کرسکیں اور ترقی یافتہ ملکوں کی دفاعی صنعت کا مشاہدہ اور دفاعی سفارت کاری میں سفارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں اور ایک جگہ جمع ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں آئیڈیاز نمائش 2014ء کے کامیابی سے انعقاد سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے اور ایک جدید، ترقی کا حامل اور پرامن ملک کی شناخت ابھری ہے جو عالمی برادری کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014ء کے انعقاد کے تمام اغراض و مقاصد حاصل کرلیے گئے ہیں۔ تقریباً 88 غیر ملکی دفاعی مندوبین 50 سے زائد ملکوں سے نمائش میں شریک ہوئے جو نمائش کی کامیابی اور اس کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود اور کمپنیوں نے آرام دہ اور پرسکون ماحول میں قیام کیا جس سے دنیا بھر میں ایک پیغام بھی پہنچے گا کہ پاکستان ایک پرُامن ملک ہے اور اس میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ عالمی معیار کی بڑی نمائشوں کا انعقاد کرسکے۔

اس موقع پر میجر جنرل آغا مسعود اکرم نے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاعی مصنوعات کی تیاری گزشتہ کئی دہائیوں سے کررہا ہے۔ ہمارے مقامی سطح پر بنائی گئی کئی اہم دفاعی مصنوعات آئیڈیاز 2014ء میں نمائش میں رکھی گئیں ان میں جنگی ٹینک الخالد، الضرار، جے ایف 17 تھنڈر فائٹر طیارہ اور دیگر بکتر بند گاڑیاں وغیرہ شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2014ء کا کافی اچھا حوصلہ افزاء جواب دنیا بھر سے حاصل ہوا ۔

ان میں ترکی، چین، شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ ایک جاری عمل ہے جبکہ بڑی کاروباری لین دین مکمل ہونے میں وقت لگے گا۔ پاکستان اعلیٰ معیاری دفاعی مصنوعات تیار کررہا ہے جو نہ صرف قیمت میں مسابقت کی حامل ہیں بلکہ معیار میں بھی برابری کی حامل ہیں۔

پاکستان دوسال بعد ہونے والی آئیڈیاز نمائش کا انعقاد جاری رکھے گا۔ پاکستان کے پاس وسیع مواقع ہیں کہ وہ دنیا بھر میں دفاعی مصنوعات کو درآمد کرسکے۔ اس موقع پر میجر جنرل آغا مسعود اکرم ، ایچ آئی (ایم) ڈی جی (DEPO)، کموڈور طاہر جاوید (میڈیا) اور بریگیڈیئر مظہر ممتاز قریشی، ڈائریکٹر کورڈی نیشن(ڈی ای پی او) اور ظہیر نصیر، سی او او بدر ایکسپو سلوشنز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :