اسحاق ڈار کا چوہدری نثار سے ٹیلی فونک رابطہ،حکومت کا بالاخر ایک بار پھر تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ ، کنٹینر پر کھڑے ہوکر کچھ اور ہمارے پاس آکر کچھ اور کہتے ہیں ایسی منافقت سے کون سا انقلاب آجائیگا،چوہدری نثار

جمعہ 5 دسمبر 2014 05:16

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء ) حکومت اورپاکستان تحریک انصاف کے درمیان لفظی جنگ کے بعد حکومت نے بالاخر ایک بار پھر تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ کرلیا ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا چوہدری نثار سے ٹیلی فونک رابطہ ۔ جمعرات کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے چیمبرمیں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ایک بار مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے اس طرح کی خواہش کا اظہار دوسری جانب سے بھی ہوا ہے انہوں نے کہا کہ چونکہ وزیراعظم بیرون ملک دورے پر ہیں تاہم انہیں بھی مذاکرات سے متعلق رپورٹ دے دی گئی ہے۔

حکومت تحریک انصاف کے ساتھ کھلے دل سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے پہلے بھی حکومت نے نہیں تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات معطل کئے گئے تھے انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر کچھ اور کہتے ہیں اور ہمارے پاس آکر کچھ اور کہتے ہیں ایسی منافقت سے کون سا انقلاب آجائیگا عمران خان چاہیں تو انہیں تمام ملاقاتوں کا ریکارڈ فراہم کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کے سینئر لیڈر شام کو کنٹینر پر کھڑے ہوکر غیض و غضب کے تیر چلاتے ہیں اور اس وقت پنجاب ہاؤس میں آکر اپنی صفائیاں اور بیانات کی نفی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے راہنماؤں کی جانب سے کنٹینرز پر حکومت پر سنگین الزامات اورجارحانہ رویئے کے باوجود پی ٹی آئی سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے اس بارے میں لندن میں موجودوزیر اعظم کو بھی رپورٹ دیدی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میں اپوزیشن لیڈر سیدخورشید شاہ کی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی جس میں اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ باقاعدہ طور پر مذاکرات شروع کیے جائیں،،کیونکہ سیاست میں مذاکرات کے ذریعے ہی ہر مسئلے کا حل ممکن ہے۔

وزیر اعظم نے انکی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو یہ ذمہ داری سونپی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کا عمل بحال کرنے کے لئے دوبارہ رابطے تیز کیے جائیں جس کی وجہ سے اسحاق ڈار نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔