پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں‘ امریکہ، مذاکرات کے لیے ایشوز کا تعین دونوں ممالک پر منحصر ہے‘ بھارت کے لئے نامزد امریکی سفیر رچرڈ ورما کی سینٹ کی خارجی تعلقات کمیٹی میں گفتگو

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:47

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں۔ تاہم مذاکراتی سکیورٹی ایشوز کا دائرہ کار طے کرنا دونوں ممالک پر منحصر ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کے لئے امریکی نامزد سفیر رچرڈ ورما نے سینٹ کی خارجی تعلقات کمیٹی کو بتایا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پر امن طریقے سے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا حامی ہے اور ہم صرف اس معاملے میں دونوں ممالک کے درمیان حوصلہ افزائی کا کردار ادا کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سارک اجلاس کے دوران مصافحہ اور پھر اس کے نتیجے میں طے پانے والے چند معاہدے خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کن سکیورٹی امور پر مزاکرات کرنے ہیں دونوں ممالک کا آپس کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان غالباً اس وقت تجارتی حجم تین بلین ڈالر ہے جو کہ بہت ہی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تجارتی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک کو اس تعاون کے فروغ کیلئے مثبت اقدامات کرنے چاہئیں۔