پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا ایجنڈا اور منزل ایک ہے،خرم نواز گنڈاپور، تحریک انصاف کے وفد کی پی اے ٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات،سیاسی امور پر گفتگو، شہدا کے ورثا کے اعتماد والی جے آئی ٹی کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں ،دونوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہے ،جہانگیر ترین

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے مرکزی رہنماء جہانگیر ترین کی قیادت میں گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پی اے ٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ملاقات میں سیاسی صورتحال زیر بحث آئی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا ایجنڈا اور منزل ایک ہے۔

اختلاف کی باتیں حکومتی ایما پر پھیلائی جاتی ہیں،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں سے مسلسل ہر سطح پر رابطہ ہے۔احتجاج کا رنگ تو مختلف ہو سکتا ہے لیکن منزل اور مقصد ایک ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت دھاندلی کی شکایت کے ازالے کیلئے غیر جانبدار کمیشن تشکیل دے ،ری کاؤٹنگ کروائی جائے،جعلی اسمبلی عوامی امنگوں کی ترجمان نہیں ہو سکتی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے وفد میں صوبائی صدر اعجازچوہدری اور عبد العلیم خان شامل تھے ۔جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوامی تحریک سے رابطہ میں ہیں ،اختلاف کی خبریں درست نہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری کی عیادت کے باعث سیاسی ایجنڈا ڈسکس کرنے نہیں آسکے،تمام اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عوامی تحریک کے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر غیر جانبدارانہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے مطالبہ کو حق بجانب سمجھتے ہیں۔

14 بے گناہوں کے بہنے والے خون سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ تحریک انصاف کے وفد سے جو معاملات بھی زیر بحث آئے اس پرہم اپنے پارٹی میں اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کرینگے۔ عوامی تحریک کی طرف سے بشارت جسپال،ساجد بھٹی،راجہ زاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔