فوج میں انفرادی اور یونٹوں کی سطح پر فائرنگ کی صلاحیت بڑھانے کیلئے نیا تربیتی نظام متعارف کرایا ہے، جنرل راحیل شریف، آرمی مارکس مین شپ یونٹ کا قیام فائرنگ کے معیار کی جانب اہم قدم ہے ، جوانوں کوجدید تکنیک سے مستفید کرنے کیلئے مقابلے بھی کرائے جارہے ہیں، چیف آف آرمی سٹاف کا جہلم میں پاک فوج کے سالانہ فائرنگ مقابلے کی اختتامی تقریب کے موقع پر اظہار خیال، چیف آف آرمی سٹاف کا جوانوں کی بہترین ٹریننگ اور صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار، جوانوں کو پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کا معیار خصوصی امتیاز کے ساتھ برقرار رکھنے کی ہدایت، آرمی چیف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز بھی تقسیم کئے

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:38

جہلم ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج میں انفرادی اور یونٹوں کی سطح پر فائرنگ کی صلاحیت بڑھانے کیلئے نیا تربیتی نظام متعارف کرایا ہے ، آرمی مارکس مین شپ یونٹ کا قیام فائرنگ کے معیار کی جانب اہم قدم ہے ، اس کے علاوہ جوانوں کوجدید تکنیک سے مستفید کرنے کیلئے مقابلے بھی کرائے جارہے ہیں ، وہ بدھ کو یہاں پاک فوج کے سالانہ فائرنگ مقابلے کی اختتامی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے ، یہ مقابلے جہلم کے قریب آرمی فائرنگ رینج میں ہوئے جو دو ہفتوں تک جاری رہے اور ان میں جوانوں نے رائفلوں اور لائٹ مشین گنوں سے فائرنگ کے مظاہرے کئے ۔

آرمی چیف نے فوج کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر جوان کی پیشہ ورانہ ترقی کیلئے تربیت انتہائی اہم ہوتی ہے اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیت فوج کا طرہ امتیاز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انفرادی اور یونٹوں کی سطح پر فائرنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے نئے اور متنوع اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور فائرنگ کے مقابلے بھی اس جانب ایک قدم ہیں کیونکہ مقابلے کاماحول مسلسل تبدیل ہورہا ہے اور ہتھیاروں اور گولہ بارود میں بھی بہتری آرہی ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف نے جوانوں کی بہترین ٹریننگ اور صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار، جوانوں کو پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کا معیار خصوصی امتیاز کے ساتھ برقرار رکھنے کی ہدایت۔ اس موقع پر جی تھری رائفل ، لائٹ مشین گن کے نشانوں کا مقابلہ تھا آرمی چیف نے بہترین صلاحیتوں کے حامل شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ اس موقع پر راحیل شریف نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشن کی تکمیل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کیلئے مشقیں ضروری ہوتی ہیں۔

اس موقع پر آرمی چیف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز بھی تقسیم کئے جی تھری رائفل کے مقابلے میں نائب صوبیدار ثناء اللہ اور لائٹ مشین گن کے مقابلے میں حوالدار امیر نواز نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ 2014ء کی مجموعی کارکردگی کی ٹرافی ملتان کور نے حاصل کی ۔