شمالی وزیرستان، دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی فضائی کارروائی 13 دہشت گرد ہلاک،خیبر ایجنسی سے 8 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد،تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے‘ مرنے والوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے،ہنگو میں دکان کیساتھ نصب بارودی مواد کے دھماکے سے 3 دکانیں تباہ

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:34

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی فضائی کارروائی سے 13 دہشت گرد ہلاک جبکہ خیبر ایجنسی میں 8 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ادھر خیبر ایجنسی میں 8 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ہنگو میں دکان کیساتھ نصب بارودی مواد کے دھماکے سے 3 دکانیں بھی تباہ ہوگئیں۔

(جاری ہے)

لیویز ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باکرہ اور اورکزئی ایجنسی کے سرحدی علاقے اضاخیل کے قریب سے 8 دہشت گردوں کی لاشیں ملی ہیں۔ تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ مرنے والوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے۔

لاشوں کو فورسز نے جمرود لیویز سنٹر منتقل کردیا ہے۔ اضاخیل سے 50 سے زائد دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ ادھر ہنگو میں دہشت گردوں نے دکان کیساتھ بارودی مواد نصب کررکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے 3 دکانوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی