تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کو اثاثوں اور ٹیکس کے آڈٹ کا کھلا چیلنج دے دیا،ٹیکس نہ دینے والے سیاستدانوں کو لیڈر بننے کا کوئی حق نہیں، اسد عمر،اسد عمر عمران خان کی بیرونی خدمات واضح کریں، عمران دوسرے ممالک کو کونسی خدمات فراہم کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے 80 فیصد ارکان ٹیکس چور ہیں،پرویز رشید

بدھ 3 دسمبر 2014 08:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء) تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز میں لفظی جنگ طول پکڑتی جا رہی ہے، تحریک انصاف نے مسلم لیگ نواز کو اثاثوں اور ٹیکس کے آڈٹ کا کھلا چیلنج دے دیا،اسد عمر کا کہنا ہے کہ ٹیکس نہ دینے والے سیاستدانوں کو لیڈر بننے کا کوئی حق نہیں۔ یاستدانوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں جبکہ اسکے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اسد عمر عمران خان کی بیرونی خدمات واضح کریں، عمران دوسرے ممالک کو کونسی خدمات فراہم کرتے ہیں،ٹیکس کا راگ الاپنے والی پی ٹی آئی کے 80 فیصد ارکان ٹیکس چور ہیں ۔

منگل کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف اپنے بچے لے کر آئیں اور عمران خان اپنے بچوں کے اثاثے اور بزنس لے کر آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ شریف برادران، اسحاق ڈار، عمران خان اور میرے خاندان کے اثاثوں کی جانچ پڑتال دنیا کی بہترین آڈٹ فرم سے کرانے کیلئے تیار ہیں، اثاثے ظاہر اور ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو لیڈر بننے کا کوئی حق نہیں۔

ٹیکس گوشواروں کی جانچ پڑتال کیلئے کئی بار اسمبلی میں قرار داد لائے لیکن کچھ نہیں کیا گیا، حکومتی ارکان نے ہمیشہ حیلے بہانوں سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے جھوٹ کا دستاویزی ثبوت آپ کے سامنے ہے، عمران خان پر عوام نے مالی معاملات میں اندھا اعتماد کیا، پرویز رشید جانتے نہیں ایگریکلچرل ٹیکس کا پتہ کہاں سے کرایا جاتا ہے، عمران خان بیرون ملک کماتے اور پیسہ پاکستان لاتے ہیں، تحریک انصاف اپنے تمام پروگرام کی رقم خود ادا کرتی ہے، ڈی جے بٹ کے سروس چارج بھی پی ٹی آئی ادا کرتی ہے، تمام اخراجات کا آڈٹ موجود ہے، تمام رقم بینک سے جاتی ہے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان کو لیکچر دینے، آرٹیکل لکھنے، کرکٹ کمنٹری سے رقم ملتی ہے، مذاکرات سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت رابطہ کرے گی تو بات ضرور کریں گے، رابطہ کاروں میں کون کون شامل ہوگا یہ فیصلہ بعد میں ہوگا۔ دوسر ی جانب وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اسّی فیصدارکان ٹیکس نہیں دیتے لیکن پارٹی کے رہنما ٹیکس نہ دینے پر دوسروں پرتنقید کرتے ہیں۔

اْنہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ کے ٹیکس نادہندہ ہونے کے ثبوت فراہم کردیئے ہیں۔ عمران کا وہ کونسا لیکچر ہے جو آج تک کسی نے نہیں سنا۔ عمران خان روز ایک ہی لیکچر دیتے ہیں جو ہر رات کنٹنیر سے جھاڑا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا اسد عمر صرف عمران کی بیرونی خدمات کے بارے میں سوال کا جواب دے دیں کہ عمران دوسرے ممالک کو کونسی خدمات فراہم کرتے ہیں۔