پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کے پھیلاؤ پر عالمی تشویش بدستور قائم ہے ، بھارتی نائب وزیر داخلہ ، بھارت کے ہمسائیہ ممالک کو اپنی سرزمین بھارت کیخلاف دہشتگردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ، لوک سبھا میں بیان

بدھ 3 دسمبر 2014 08:53

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء ) بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ کیرن راجیجو نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کے پھیلاؤ پر عالمی تشویش بدستور قائم ہے ،بھارت کے ہمسائیہ ممالک کو اپنی سرزمین بھارت کیخلاف دہشتگردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا اس بات کا اعتراف بڑھ رہا ہے کہ پاکستان سٹیٹ پالیسی کے طور پر دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے بھارتی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو سختی سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا وعدہ پورا رے اور کسی بھی طور پر بھارت کیخلاف اپنی سرزمین دہشتگردی کے لئے استعمال نہ ہونے دے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی خود مختاری کے تحفظ اور عوام کی حفاظت اور سکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کررہی ہے ایک دوسرے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ دہشتگردی کے مسئلے پر کوئی معاہدہ نہیں کررہے تاہم وزیراعظم نے دورہ امریکہ کے دوران امریکی صدر کے ساتھ مشترکہ بیان میں اس کا اعادہ کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ 1963ء کے پاک چین خود ساختہ سرحدی معاہدے کے تحت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں 5180 مربع کلو میٹر رقبے پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ چین بھارت سرحد پر دونوں ممالک کے مابین کوئی ایل اے سی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش، میانمر اور بھوٹان کا کسی علاقے پر غیر قانونی قبضہ نہیں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش بھارت سرحد پر کچھ ایسی پکٹس ہیں جو ایک دوسرے کے علاقے میں واقع ہیں

متعلقہ عنوان :