پاکستان اپنے دفاع کی تمام صلاحیتیں رکھتا ہے، خواجہ آصف ،پاکستان تین بار جنگ لڑچکا ہے، اب بھی بین الاقوامی دہشتگردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے،انتہا پسندی اوردہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،تقریب سے خطاب

بدھ 3 دسمبر 2014 08:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء) پاکستان تین بار جنگ لڑچکا ہے اور اب بھی بین الاقوامی دہشتگردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے پاکستان اپنے دفاع کی تمام صلاحیتیں رکھتا ہے ، انتہا پسندی اوردہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،ان خیالات کا اظہار وزیر دفاع وزیر دفاع خواجہ آصف نے ساوٴتھ ایشین اسٹریٹجک اسٹیبلیٹی انسٹیٹوٹ یونیورسٹی (ساسی )کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرپاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے بھی خطاب کیا ۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ساسی کی جانب سے سیکیورٹی آوٴٹ لک2025،قومی سلامتی اور دفاعی تبدیلی کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاکہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور امن پر یقین رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے ساسی کے امن مشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ساسی یونیورسٹی کی مدد سے پاکستان دوسرے ممالک سے دفاعی روابط قائم کرکے خطے سے دہشتگردی کو ختم کر سکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ،پاک بھارت باڈر پر کشیدگی کو ختم ہونا چاہیے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا مقصد معاشی بہران کو ختم کرکے خوشحالی لانا ہے لیکن اسکے لئے امن ضروری ہے۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ ساسی کی اس کاوش سے دیگر ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون میں فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے 60 ہزار بے گناہ شہرے جاں بحق ،چھہ ہزار فوجی جوان شہید ہوئے اور ایک سو بلین ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان بھی اٹھانا پڑاہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام ممالک پاکستان کے ایوی ایشن کے ساتھ ملکر خطے میں امن قائم کریں اور اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر پُر امن ماحول مہیا کریں۔

علاوہ ازیں منگل کو آئیڈیاز 2014ء کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ پاکستان دفاعی سازو سامان برآمد کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے جس پر ہمیں فخر ہے ، پاکستان گزشتہ کئی سال سے ڈرون بنا بھی رہا ہے اور استعمال بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی بہتریں فورس ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی طاقت رکھتی ہے۔ پاکستان الخالد ٹینک ، جے ایف تھنڈر ، مشاک اور دیگر جدید دفاعی سازوسامان تیار کررہا ہے۔پاکستان کو اس بات پر فخر ہے اور ہم دفاعی سازوسامان برآمد کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ جے ایف تھنڈر ایک جدید کم قیمت طیارہ ہے جس میں کئی ممالک نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔

متعلقہ عنوان :