اضافی بیلٹ پیپرز پر الیکشن کمیشن کا یوٹرن،93لاکھ اضافی بیلٹ پیپر چھاپے گئے،اضافی بیلٹ پیپرز تکنیکی وجوہات کی بناء پر چھاپے گئے،مقصد دھاندلی نہیں،ڈی جی مسعود ملک کا بیان

منگل 2 دسمبر 2014 04:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2014ء)ڈی جی الیکشن کمیشن مسعود ملک نے اضافی بیلٹ پیپرز کے اعداد وشمار پر یوٹرن لے لیا،ان کا کہنا ہے کہ تکنیکی وجوہات کی بناء پر8لاکھ نہیں بلکہ93لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے چند روز قبل اپنی پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے50لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھپوائے ہیں اور الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ ملک بھر میں17کروڑ 30لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے،صرف8لاکھ اضافی تھے جس کے بعد اتوار کو عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا کہ70لاکھ اضافی بیلٹ پیپر چھاپے گئے،جس کے بعد ڈی جی الیکشن کمیشن مسعود ملک کی جانب سے ایک اور بیان سامنے آیا ہے جن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں 18کروڑ17لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے جبکہ تکنیکی ضرورت17کروڑ30لاکھ تھی،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں8کروڑ62لاکھ ووٹرز ہیں اور قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے بیلٹ پیپرز ملا کر17کروڑ24لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جانے تھے تاہم93لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اضافی بیلٹ پیپرز کا مقصد دھاندلی نہیں ہوتا بلکہ یہ تکنیکی ضرورت کے تحت چھاپے جاتے ہیں،اگر کسی پولنگ سٹیشن پر1501ووٹ ہے تو1600بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے اور یہ ہر انتخابات میں ہوتا ہے ۔