دسمبر میں پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی پروگرام کوبڑا دھچکالگنے کا خدشہ، ڈاکٹر طاہر القادری کی طبیعت ناساز، دسمبر میں علاج کی غرض سے امریکہ چلے جائینگے،5 دسمبر کو سرگودھا کا ہونے والا جلسہ منسوخ کردیاگیا، صحت درست نہ ہوئی تو مانسہر ہ اور کراچی کے جلسوں میں آمد مشکل ہوگئی،ترجمان عوامی تحریک نے بھی خرابی صحت کی تصدیق کردی

پیر 1 دسمبر 2014 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1دسمبر۔2014ء)دسمبر میں پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی پروگرام کوبڑا دھچکالگنے کا خدشہ، ڈاکٹر طاہر القادری کی طبیعت ناساز، دسمبر میں علاج کی غرض سے امریکہ چلے جائینگے،5 دسمبر کو سرگودھا کا ہونیوالا جلسہ منسوخ کردیاگیا، صحت درست نہ ہوئی تو مانسہر ہ اور کراچی کے جلسوں میں آمد مشکل ہوگئی،پی اے ٹی اسلام آباد کے ترجمان غلام علی نے بھی خرابی صحت کی تصدیق کردی۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر پروفیسر علامہ طاہر القادری کی طبیعت ناساز ہے اور اس وقت ان کا بلڈ پریشر بھی ہائی ہے جوکہ کچھ وقت کیلئے نارمل ہوتاہے مگر تھوڑی ہی دیر کے بعد دوبارہ ہائی ہوجاتاہے جس کے باعث ان کی طبیعت سنبھل نہیں پارہی اس سلسلے میں عام ملاقاتوں کا سلسلہ بھی ختم کردیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتاکہ طبیعت صحیح نہ ہونے کی صورت میں ڈاکٹر طاہر القادری دسمبر میں امریکہ شفٹ ہوجائینگے اور اس وقت تک ان کی واپسی ممکن نہیں ہوگی جب تک مکمل طور پر صحت یاب نہ ہوجائیں۔ اسی سلسلے میں شاہینوں کے شہر سرگودھا میں ہونیوالا 5دسمبر کا جلسہ بھی منسوخ کردیاگیاہے جبکہ دسمبر میں دی گئی احتجاجی دھرنوں و جلسوں کی تحریک بھی متاثر ہوسکتی ہے کیونکہ ناساز صحت کے باعث وہ دیگر دھرنوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ ڈاکٹر طاہر القادری فی الوقت پاکستان میں رہناچاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کسی طریقے سے کراچی کے25دسمبر کو ہونیوالے جلسہ میں ضرور شرکت کریں لیکن ان کے معالج انہیں اس سے مسلسل منع کررہے ہیں کہ وہ اپنے علاج پر توجہ دیں اور آرام کریں اگر ڈاکٹر قادری کی صحت درست نہ ہوئی تو دسمبر کے وسط میں ہی امریکہ چلے جائینگے اور دیگر جلسوں کو منسوخ کردیا جائیگا یاپھر مرکزی قیادت اور اتحادی جماعتوں کو ان جلسوں کی قیادت سونپی جائیگی۔

ڈاکٹر طاہر القادری جنہیں 72گھنٹے آرام کا مشورہ ڈاکٹرزنے دیا ہواہے نے اپنی مصروفیات کسی حد تک کم کرلی ہیں اور میل ملاقاتیں بھی کم ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے موقف جاننے کیلئے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے ترجمان غلام علی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طبیعت فی الوقت ناساز ہے اس سلسلے میں ان کے بیٹے سے بھی رابطہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کارکنان قائد عوامی تحریک کی صحت یابی کیلئے دعا کریں تاکہ وہ جلدصحت یاب ہوکر دوبارہ ان میں آئیں اور انقلاب مارچ کے سلسلے کو اس کی منزل کی جانب بڑھایا جائے۔