قوم چار مہینوں سے نیا پاکستان بنتا دیکھ رہی ہے،30 نومبر کو بھی کچھ نہ ہوگا،خواجہ آصف،اگر اثاثہ جات کی تفصیلات پر کسی کو بھی کوئی شک ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے ،وزیردفاع کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 30 نومبر 2014 09:55

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2014ء)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پوری قوم چار مہینوں سے نیا پاکستان بنتا دیکھ رہی ہے۔30 نومبر کو کچھ بھی نہیں ہوگا،اگر اثاثہ جات کی تفصیلات پر کسی کو بھی کوئی شک ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن موجودہے۔ ہفتہ کے روز خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نیا پاکستان کیا بنائے گی پوری قوم چار مہینوں سے نیا پاکستان بنتا دیکھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

30 نومبرکے جلسے میں کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان معاہدہ ہوا ہے اور تحریک انصاف کا فرض ہے کہ وہ معاہدے کی پاسداری کرے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں پہلے حالات اچھے نہیں اور ملک میں انتشار پھیلانے کی بجائے مفاہمتی کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا چاہیے تا کہ ملک اور قوم ترقی کرے جس کے لئے لوگوں نے منتخب کیا تھا ۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر اثاثہ جات کی تفصیلات پر کسی کو بھی کوئی شک ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن موجودہے۔