پرویز رشید اور سعد رفیق کے بیانات جھوٹ کا پلندہ، جھوٹ اور دروغ گوئی مسلم لیگی وزراء کا شیوہ بن چکی ہے،شیریں مزاری، حکومت تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک سے بوکھلا کر گمراہ کن پراپیگنڈہ مہم پر اُتر آئی ہے تاہم ہمیشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر مایوسی اُس کا مقدر بنے گی، بیان

ہفتہ 29 نومبر 2014 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وفاقی وزراء پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق کے بیانات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جھوٹ اور دروغ گوئی مسلم لیگی وزراء کا شیوہ بن چکی ہے حکومت تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک سے بوکھلا کر گمراہ کن پراپیگنڈہ مہم پر اُتر آئی ہے تاہم ہمیشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر مایوسی اُس کا مقدر بنے گی، اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے وفاقی وزراء کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت خصوصاً چیئرمین عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے جواب میں کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے اثاثوں اور ٹیکس تفصیلات سے متعلق پرویز رشید کے خیالات جھوٹ کا پلندہ ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ،اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کے اثاثوں کی تمام تر تفصیلات پارٹی ویب سائٹ پر آویزاں ہیں اور پوری قوم اُن سے آگاہ ہے جبکہ عمران خان ہی وہ واحد قومی رہنما ہیں جن کے تمام تر اثاثہ جات اُن کے اپنے نام پر اور ملک کے اندر موجود ہیں ڈاکٹر شیریں مزاری کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی آمدن اور اخراجات کی تفصیلات باقاعدگی سے الیکشن کمیشن کے ساتھ قوم کے سامنے بھی رکھی جاتی ہیں اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر وفاقی حکومت اور پرویز رشید یہ سمجھتے ہیں کہ چیئرمین عمران خان ٹیکس کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں تو وہ سیاسی بیان بازی کی بجائے ایف بی آر کے ذریعے مروجہ کارروائی کریں اور اِس حوالے سے گمراہ کن پراپیگنڈے کا سہارا لینے کی بجائے عملی اقدامات اُٹھائیں، اُنہوں نے مزید کہا کہ پرویز رشید کو چیئرمین عمران خان کے اثاثوں کے حوالے سے کوئی شک و شبہ ہے تو وہ عدالت سے رجوع کریں تاہم اُن کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کی پہلے سے ظاہر شدہ جائیداد اور رہائشگاہ کی خفیہ عکس بندی اور تصویر کشی انتہائی گھٹیا اور بیہودہ اقدام ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق کے خیالات کو حکومتی صفوں میں موجود بوکھلاہٹ کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے ناقابل تردید شواہد سامنے آنے کے بعد حکومت کے لئے فرار کے راستے معدوم ہو رہے ہیں ایسے میں حواس باختہ مسلم لیگی وزراء بدزبانی اور بیہودہ بیانات کے ذریعے قوم کی توجہ انتخابی بددیانتیوں سے ہٹانا چاہتے ہیں جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا انہوں نے زور دے کر کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور اُنکے ساتھیوں کی جانب سے گیارہ مئی 2013 کو کی گئی دھاندگی بہت جلد پوری طرح بے نقاب ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہیجان کا شکار ہو کر بے معنی بیانات داغنے کی بجائے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل آزاد، خود مختار اور بااختیار کمیشن کے ذریعے دھاندلی کی تحقیقات پر خود کو آمادہ کرے اور دھاندلی کے ذریعے جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے اور انتخابی نظام میں نقائص کے تحفظ سے گریز کرے۔