کیا وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی سے صرف مصافحہ کرنے کھٹمنڈو گئے تھے؟ڈاکٹر طاہر القادری،عہدیداروں ،کارکنوں کو بھکر کے ضمنی الیکشن پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت،بہت جلدانقلاب کے سفر میں شانہ بشانہ ہونگے ، مختصر گفتگو،سربراہ عوامی تحریک نے جامع مسجد منہاج القرآن میں نماز جمعہ ادا کی، علالت کے باعث زیادہ دیر نہ رک سکے،پولیو ورکرز پر حملوں اور سکول بس کو پیش آنے والے حادثہ پر افسوس کا اظہار ،سینکڑوں کارکن مسجد کے باہر جمع

ہفتہ 29 نومبر 2014 09:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کیا وزیراعظم پاکستان نریندر مودی سے صرف مصافحہ کرنے کھٹمنڈو گئے تھے؟ بھارتی وزیراعظم نے منصوبہ بندی کے تحت موڈ بنایا تھا تاکہ وزیراعظم پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے جعلی انتخابات ، بین الاقوامی بارڈر کی خلاف ورزیوں کے تازہ ترین بھارتی جرائم پر لب کشائی سے باز رکھ سکیں اور وہ اس مقصد میں کامیاب رہے، انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ ہے تو وزیراعظم پاکستان کے اس افسوسناک رویے پر بازپرس کرے ، سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے جامع مسجد منہاج القرآن میں نماز جمعہ ادا کی وہ علالت کے باعث زیادہ دیر مسجد میں نہ ٹھہر سکے اور انہوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر جمع ہونے والے سینکڑوں کارکنان سے ہاتھ ہلا کر ان کی خیریت دریافت کی اور کہا بہت جلد ہم انقلاب کے سفر میں شانہ بشانہ ہونگے، انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام کی تبدیلی کی جنگ آخری سانس تک لڑوں گا اور اس عظیم مشن میں اللہ اور عوام ہمارے ساتھ ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے مختصر گفتگو بھی کی اور ہدایت کی کہ عہدیدران اور کارکنان بھکر کے ضمنی الیکشن پر توجہ دیں پنجاب حکومت کبھی بھی نہیں چاہے گی کہ پاکستان عوامی تحریک کا انقلابی امیدوار نذر عباس کہاوڑ جیت کر اسمبلی میں آئے اور پھر حکمرانوں کی حقیقی اپوزیشن بنے، انہوں نے کہا کہ کارکنان ہر طرح کی دھاندلی اور حکومتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کیلئے مستعد رہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کوئٹہ کے بعد لاہور میں پولیو ورکرز پر پے در پے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ حکمران سیاسی کارکنوں کے خلاف ریاستی ڈنڈا چلانے کی بجائے امن اور صحت کے دشمنوں کے خلاف پولیس اور ریاستی وسائل استعمال کریں،انہوں نے لاہور میں بچوں کی بس کو پیش آنے والے حادثہ اور 3بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب میں بچوں کی بسوں کو تواتر سے حادثات پیش آرہے ہیں جو حکومت کی نااہلی اور لاپروائی کا نتیجہ ہے۔