وزیراعظم نااہلی کیس کی سما عت کے لئے سپریم کو رٹ کا لا رجر بنچ تشکیل،سات رکنی لارجر بنچ کی کی سربراہی چیف جسٹس ناصرالملک کریں گے دیگر ممبران میں جسٹس جواد ایس خواجہ‘ جسٹس انور ظہیر جمالی‘ جسٹس ثاقب نثار‘ جسٹس آصف سعید کھوسہ و دیگر شامل، کیس کی سماعت آ ئندہ ہفتے ہو نے کا امکا ن

جمعرات 27 نومبر 2014 08:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2014ء) سپریم کورٹ نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی نااہلی کے حوالے سے جسٹس جواد ایس خواجہ کی استدعاء پر سات رکنی لارجر بنچ قائم کردیا‘ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کوئٹہ میں مقدمے کی سماعت کے دوران فیصلہ دیا تھا جس میں انہوں نے چیف جسٹس ناصرالملک سے استدعاء کی تھی کہ کیس کی اہمیت کے پیش نظر اس پر لارجر بنچ تشکیل دیا جائے اس پر چیف جسٹس ناصرالملک نے سات رکنی لارجر بنچ قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

بنچ کی سربراہی چیف جسٹس ناصرالملک کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں جسٹس جواد ایس خواجہ‘ جسٹس انور ظہیر جمالی‘ جسٹس ثاقب نثار‘ جسٹس آصف سعید کھوسہ و دیگر شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ بنچ اگلے ہفتے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے فریقین کو اطلاعاتی نوٹس بھی ارسال کردئیے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے فوج کو معاونت کیلئے طلب کرنے اور بعدازاں پارلیمنٹ میں مبینہ طور پر غلط بیانی کرنے کے معاملے کیخلاف تحریک انصاف اور دیگر لوگوں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی تھی۔ شروع سے ہی عدالت کا خیال تھا کہ اس اہم معاملے کی سماعت کیلئے وہی بنچ صحیح ہے جو پہلے ہی آئین کے آرٹیکل 62,63 بارے سماعت کررہا ہے تاہم جسٹس جواد ایس خواجہ نے جب کوئٹہ رجسٹری برانچ میں وزیراعظم نااہلی کیس کی سماعت کی تو انہوں نے اس دوران فیصلہ جاری کیا اور چیف جسٹس ناصرالملک سے استدعاء کی کہ اگر سپیکر قومی اسمبلی وزیراعظم کی نااہلی کے بارے میں فیصلہ کرنے کا مجاز نہیں اور کوئی دوسرا فورم بھی اس کی سماعت نہیں کرسکتا تو درخواست گزاروں کو ریلیف کے حصول کیلئے کہاں جانا ہوگا اسلئے اس کا فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہوگا۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کی استدعاء پر بدھ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان نے وزیراعظم نااہلی کیس میں سات رکنی لارجر بنچ قائم کرنے کا حکم دیا ہے جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔ اس کیس کی اہمیت کے پیش نظر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے پانچ سینئر ججز کو بھی بنچ میں شامل کیا ہے۔ امکان ہے کہ اس کیس کی سماعت اگلے ہفتے ہوگی۔ بعض ذرائع یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اس کیس کی سماعت دس روز کے بعد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :