شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی‘ 17ہلاک‘ 5 زخمی‘ ہلاک ہونے والوں میں ایک اہم کمانڈر بھی شاملجمرود میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 اہلکار جاں بحق،سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی ، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب

بدھ 26 نومبر 2014 09:28

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26نومبر۔2014ء) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کے نتیجے میں 17 دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے‘ ہلاک ہونے والوں میں اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں جیٹ طیاروں سے دہشت گردوں کے اہم ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 17 دہشت گرد اہم کمانڈر سمیت ہلاک ہوگئے جبکہ 5 دہشت گرد فضائی کارروائی میں زخمی ہوئے اس کے علاوہ دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔

ادھرجمرود ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ جمرود کے علاقے شاکس میں کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 2 اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، شرپسندوں کی فائرنگ کا سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا لیکن ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔