عمران خان نے 90 کی دہائی میں کوئی ٹیکس نہیں دیا لہٰذا پہلے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں، پرویزرشید، جہانگیر ترین ملک کے امیر ترین آدمی ہیں انہوں نے 24 کروڑ سے زائد کا ٹیکس معاف کرایا ہم عمران خان اور جہانگیر ترین کی بے ضابطگیوں کو جلد سامنے لائیں گے، وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر کی وزیراطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 26 نومبر 2014 09:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26نومبر۔2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے 90 کی دہائی میں کوئی ٹیکس نہیں دیا وہ دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں جب کہ وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین ملک کے امیر ترین آدمی ہیں انہوں نے 24 کروڑ سے زائد کا ٹیکس معاف کرایا ہم عمران خان اور جہانگیر ترین کی بے ضابطگیوں کو جلد سامنے لائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ارکان اسمبلی سمیت تمام لوگوں کو ٹیکس ادا کرنا چاہئے،ایف بی آر کو ارکان اسمبلی کو ٹیکس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 90 کی دہائی میں کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا انہیں دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے جب کہ جہانگیر ترین نے بھی قرض معاف کرائے ہیں لیکن اب حکومت نے بینک آزاد کردیئے ہیں، حکومت نہ اب قرض دلا سکتی ہے اور نہ ہی معاف کراسکتی ہے اب جو بھی بینک سے قرض لے گا وہ قرض دینے اور لینے والوں خود ہی جانیں گے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہئے، تہذیب کے دائرے میں رہ کر اپنا نقطہ نظر دوسروں تک پہنچایا جاسکتا ہے، ہم ہفتہ اختلافات منارہے ہیں، عوام کو تحریک انصاف کے جرائم سے آگاہ کرینگے ۔عمران خان قانون کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں، میڈیا عمران خان کو خالی کرسیوں کے ساتھ کوریج دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تہذیب کے دائرے میں رہ کر اپنا نقطہ نظر دوسروں تک پہنچایا جاسکتا ہے، ہم ہفتہ اختلافات منارہے ہیں اس موقع پر وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت کم وقت میں کیسے امیر ہوئی یہ پوچھنا ہمارا حق ہے، 90 کی دہائی میں جہانگیر ترین کے پاس کچھ نہیں تھا لیکن اب اتنا پیسہ کہاں سے آیا اور وہ اتنے کم عرصے میں ارب پتی کیسے بن گئے، جہانگیر ترین کی جائیداد میں پرویز مشرف کے دور میں تیزی سے اضافہ ہوا جب کہ انہوں نے 24 کروڑ 70 لاکھ روپے کا قرض بھی معاف کرایا۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین ملک کے امیر ترین آدمی ہیں وہ بتائیں کہ انہوں نے عمران خان کے زیر استعمال جہاز کا کتنا ٹیکس ادا کیا،کوئی کمپنی کسی سیاسی جماعت کو فائدہ نہیں دے سکتی جب کہ معمولی نوکری کرنے والے جہانگیر ترین ارب پتی کس طرح سے بن گئے ہیں ہم جلد ہی عمران خان اور جہانگیر ترین کی بے ضابطیگیوں کو عوام کے سامنے لائیں گے۔، ۔محمد زبیر نے کہا کہ جہانگیر ترین پاکستان کے امیر ترین لوگوں میں شامل ہیں، پرویز مشرف دور میں جہانگیر ترین کی دولت میں اضافہ ہوا۔