انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے تمام ایئرپورٹس پرانٹیگریٹڈ ڈیٹا بیس سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ،بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے جعلی کاغذات پر 19 افغانوں کی برطانیہ روانگی کے واقعہ کے بعد یہ اقدام کیا گیا

منگل 25 نومبر 2014 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25نومبر۔2014ء)وزارت داخلہ نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر آئندہ ماہ کے آخر میں انٹیگریٹڈ ڈیٹا بیس سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ رواں سال ستمبرمیں بے نظیربھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آبادسے ایف آئی اے اور پی آئی اے کے حکام کی ملی بھگت سے جعلی کاغذات پر19افغانوں کی برطانیہ روانگی کے بڑے واقعے کے بعد کیا گیا جس کا مقصد ایف آئی اے کے امیگریشن نظام کو شفاف بنانا ہے۔

نئے نظام کا منفرد پہلو یہ ہے کہ یہ نادرا،ایف آئی اے، پاسپورٹس اینڈامیگریشن اور وزارت داخلہ سمیت چاروں متعلقہ محکموں کے ساتھ منسلک ہوگا تاکہ مستقبل میں انسانی اسمگلنگ کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے جعلی پاسپورٹس یاتبدیل کیے گئے اعدادوشمار کا پتہ چلایا جاسکے اور ایف آئی اے کے امیگریشن نظام پر مناسب نگرانی کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

یہ نظام بائیومیٹرک نظام سے بھی منسلک ہوگا جو حال ہی میں بے نظیربھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نصب کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ وزارت داخلہ اس نظام کے سافٹ ویئر کو نصب کرنے کے پی سی ون کی تیاری پرکام کررہی ہے اس مقصد کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر نادراکے ذریعے 28 جدید مشینیں نصب کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ نظام پاسپورٹ کی تصدیق کے علاوہ کسی بھی مسافرسے متعلق ریکارڈ چاروں محکموں کو فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :