عمران خان کی چوریوں کے ثبوت آئندہ چند دنوں میں سامنے لاؤں گا،پرویز رشید ، جے ڈبلیو ڈی کا جہاز تحریک انصاف کی ملکیت بن چکا، وفاقی وزیر اطلاعات

پیر 24 نومبر 2014 08:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان جے ڈبلیو ڈی پبلکلمیٹڈ کمپنی کا طیارہ اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں جہاز کے اخراجات کا کہیں ذکر نہیں ‘ جو شخص چوری کے پیسوں سے سفر کرتا ہے وہ کیسے چوری ختم کرے گا عمران خان کی چوریوں کے دستاویزی ثبوت آئندہ چند دنوں میں سامنے لاؤں گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جے ڈبلیو ڈی لمیٹڈ کمپنی ہے۔ طیارہ جہانگیر ترین کا نہیں ہے ۔29 فیصد اس کا شیئر ہے یہ طیارہ جے ڈبلیو ڈی لمیٹڈ کا ہے جہاز تحریک انصاف کی ملکیت بن چکا ہے عمران خان اس جہاز کو ایسے استعمال کررہے ہیں جیسے ان کی ذاتی ملکیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری مقاصد کے جہاز کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

کوئی بھی پبلک کمپنی سیاسی جماعت کو چندہ نہیں دے سکتی کمپنی کے چارٹر میں یہ نہیں لکھا کہ طیارہ سیاسی مفاد کیلئے استعمال ہوگا۔ حقائق چھپانے والے ڈائریکٹر کو دو سال سزا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے زیر استعمال طیارے کی ویڈیو دکھا دی ہے عمران خان سفر چوری کے پیسوں پر کررہے ہیں عوام کے پیسوں سے جہاز اڑانا لاقانونیت ہے چوری کے پیسے سے جہاز اڑانے والے چوری کیسے ختم کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان اس سال ایک لاکھ روپے انکم ٹیکس دیا ہے۔

ایک لاکھ انکم ٹیکس دینے والا شخص جہازوں اور پجارو پر کس طرح سفر کررہا ہے۔ عمران خان گوجرانوالہ کے جلسے میں اس بات کا جواب دیں کہ وہ چوری کے پیسے پر جہاز پر کیوں گھوم رہے ہیں۔ عمران خان کو ہم کمی کمینوں کی باتوں کا جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں عمران خان کی چوریوں کے مزید ستاویزی ثبوت دوں گا ۔ عمران خان کو عوام کے سامنے جھوٹ بولنے پر جواب دینا پڑے گا۔

جہاز کے معاملہ پہلی بار منظر عام پر آیا۔ متعلقہ ادارے جو ذمہ دار ہیں وہ جواب دیں گے اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست کو عمران خان اور طاہر القادری آئے ہم نے گرفتار نہیں کیا اور نہ اب کسی کو گرفتار کریں گے حکومت صبر و تحمل سے کام لینا چاہتی ہے ہم انتقامی کارروائیوں والی سیاست نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ماضی کی فرسودہ سیاست کو مسترد کردیں ماضی کے کلچر کو اپنے آپ سے الگ کردیں۔

عمران خان دھونس کی سیاست سے اجتناب کریں۔ جلسہ گاہ میں شرکاء کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان روزانہ غیر ملکی سفیروں کے سامنے صفائیاں پیش کررہے ہیں پہلے امریکی سفیر کے سامنے صفائی پیش کی پھر چینی سفیر کو صفائی پیش کی۔