گو نواز گو ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے جو کوئی نہیں روک سکتا‘ گو نواز گو کا راکٹ رائیونڈ میں گھسنے والا ہے‘ انصاف ملنے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا‘ اسلام آباد میں پولیس نفری بڑھادی گئی کنٹینر پہنچادئیے گئے، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ڈی چوک پر آزادی دھرنے کے شرکا سے خطاب

پیر 24 نومبر 2014 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گو نواز گو ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے جو کوئی نہیں روک سکتا‘ گو نواز گو کا راکٹ رائیونڈ میں گھسنے والا ہے‘ انصاف ملنے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا‘ اسلام آباد میں پولیس نفری بڑھادی گئی کنٹینر پہنچادئیے گئے۔ وہ اتوار کو اسلام آباد میں ڈی چوک پر آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سب کچھ بند ہوا تو دھرنا اگلے ہفتے لے جاؤں گا۔ ہم کوئی بھی پتہ کسی بھی وقت استعمال کرسکتے ہیں۔ نواز شریف یہ نہ سمجھیں کہ کنٹینر لگاکر اور پولیس کو بلاکر ہمارا راستہ روکا جاسکتا ہے ہمارا سب سے بڑا ہتھیار گو نواز گو ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا۔ گو نواز گو کا راکٹ بہت جلد رائیونڈ میں گھسنے والا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم چپ کرکے بیٹھنے والی جماعت نہیں ہیں۔

نواز‘ زرداری پارٹنرشپ سے تنگ افراد 30 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں۔ حکومت تیس نومبر سے خوفزدہ ہوچکی ہے۔ دہشت گردوں سے تعلقات کے الزام میں کہتا ہوں کہ آؤ دیکھ لو دھرنے میں بیٹھے یہ بچے کیا دہشت گرد نظر آتے ہیں۔ ان کا بڑا ہتھیار گو نواز گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہارنے کے ڈر سے غلطیاں کررہے ہیں۔ پرویزرشید کے بیان پر جہانگیر ترین (آج) پیر کو عدالت سے رجوع کریں گے۔